Time 10 مارچ ، 2023
کھیل

روسو کی شاندار سنچری، ملتان نے پشاور کو شکست دیکر پلے آف مرحلے کوالیفائی کر لیا

ملتان سلطانز نے رائیلی روسو نے 121 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جکبہ کیرون پولارڈ نے بھی 52 رنز اسکور کیے۔
ملتان سلطانز نے رائیلی روسو نے 121 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جکبہ کیرون پولارڈ نے بھی 52 رنز اسکور کیے۔  

ایچ بی ایل پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) 27 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے رائیلی روسو کی شاندار سنچری کی بدولت پشاور زلمی کی جانب سے دیا گیا 243 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔

راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پشاور کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور بابر اعظم نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 134 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، صائم ایوب 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم بھی 73 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

محمد حارث نے بھی 11 گیندوں پر 35 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ ٹام کوہلر کیڈمور 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عظمت اللہ عمر زئی 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی نے 4 اوورز میں 39 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ انور علی مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے اور انہوں نے 4 اوورز میں 66 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان سلطانز کی اننگز

ملتان سلطانز کا آغاز اچھا نہ رہا اور صرف 28 رنز  پر دونوں اوپنرز شان مسعود اور محمد رضوان پویلین لوٹ گئے، شان مسعود نے 5 اور محمد رضوان نے 7 رنز بنائے۔

دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد  رائیلی روسو اور کیرون پولارڈ نے تیزی سے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور چوکوں چھکوں کی برسات کر دی، روسو نے پہلے صرف 17 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی اور پھر 41 گیندوں پر پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنا ڈالی، وہ 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 121 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کیرون پولارڈ نے بھی 25 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی اچھی اننگز کھیلی جبکہ انور علی 24 اور اسامہ میر 11 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

ملتان سلطانز نے 243 رنز کا ہدف 20 ویں اوور کی پہلی گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ 

مزید خبریں :