Time 11 مارچ ، 2023
پاکستان

انا پرست عمران نیازی نے نوجوانوں میں انتشار کا زہر بھر دیا، وزیراعظم کی صحافیوں پر تشدد کی مذمت

جو بھی عمران نیازی سے سوال کرتا ہے اس کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، حکومت صحافیوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدم اٹھائے گی: شہباز شریف۔ فوٹو فائل
جو بھی عمران نیازی سے سوال کرتا ہے اس کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، حکومت صحافیوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدم اٹھائے گی: شہباز شریف۔ فوٹو فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی جانب سے صحافیوں پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ آزادی اظہار  رائے کا احترام مہذب قوموں کی پہچان ہے لیکن ایک انا پرست شخص نے قوم میں عدم برداشت کا کلچر عام کیا، عمران نیازی نے نوجوانوں میں عدم برداشت اور انتشار کا زہر بھر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں غنڈہ گردی کے شکار صحافیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، ان تمام صحافیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو ایسے چیلنجز کے باوجود قوم تک سچ  پہنچا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی حکومت میں صحافیوں پر ظلم کی داستانیں رقم کی گئیں، جو بھی عمران نیازی سے سوال کرتا ہے اس کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، حکومت صحافیوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدم اٹھائے گی۔

یاد رہے کہ لاہور میں پی ٹی آئی کارکنوں کا ٹی وی چینل کی ڈی ایس این جی ٹیم سے جھگڑا ہوا تھا، جھگڑا ٹی وی چینل کی ڈی ایس این جی لگانے کے معاملے پر ہوا تھا جس پر پی ٹی آئی کارکنوں نے ٹی وی چینل کی ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

پی ٹی آئی کارکنوں کے تشدد سے ڈی ایس این جی آپریٹرکا سر پھٹ گیا، پی ٹی آئی کارکنوں نے ڈرائیور اور رپورٹر کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

مزید خبریں :