امریکی حکام نے دیوالیہ ہونے والے سلیکون ویلی بینک کو بند کردیا

فوٹو: گیٹی امیجز
فوٹو: گیٹی امیجز

امریکی حکام نے دیوالیہ ہونے والے سلیکون ویلی بینک کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد بینک کو بند کردیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈیپازیٹرز کی جانب سے اپنی رقم نکلوانے کے جلدبازی میں پیدا ہونے والی صورتحال کو نظر میں رکھتے ہوئے بیمہ یافتہ ڈیپازیٹرز کے تحفظ کے پیش نظر بینک کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد بینک کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

امریکی فیڈرل ڈیپازٹ انشورنس کارپوریشن (ایف ڈی آئی سی) کا کہنا ہے کہ انہوں نے بینک کے پاس موجود تقریباً 175 ارب ڈالرز کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔

ایف ڈی آئی سی کے مطابق بینک کے دفاتر پیر تک کھول دیے جائیں گے اور بیمہ یافتہ ڈیپازیٹ رکھنے والے صارفین اپنی رقوم تک دوبارہ رسائی حاصل کر سکیں گے۔

ایف ڈی آئی سی کا کہنا ہے کہ بینک کے اثاثوں کی فروخت سے ملنے والی رقم غیر بیمہ یافتہ ڈیپازیٹرس میں تقسیم کی جائے گی۔

امریکی ٹریژری سیکرٹری جینیٹ یلین کا کہنا تھا کہ ہم سلیکون ویلی بینک کے معاملات  کا بہت گہرائی سے مشاہدہ کر  رہے تھے، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے سلیکون ویلی بینک کو بند کر دیا جائے۔

واضح رہے کہ امریکا میں سلیکون ویلی بینک کے دیوالیہ ہونے کو 2008 کے بعد کسی بینک کی سب سے بڑی ناکامی تصور کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :