12 مارچ ، 2023
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کردیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر لاہور میں دفعہ 144کے نفاذ کے خلاف درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہےکہ الیکشن کمیشن دفعہ 144 کے نفاذ کو ختم کرے، لاہور میں تحریک انصاف کی ریلی پر دفعہ 144 کا نفاذ غیر قانونی ہے، پنجاب حکومت دفعہ 144 کا نفاذ کرکے سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیرا 15 کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہےکہ پنجاب حکومت پی ایس ایل میچ کو جواز بنا کر ریلی کو روکنےکی کوشش کررہی ہے جب کہ تحریک انصاف کی ریلی اور پی ایس ایل کے میچ کا روٹ مختلف ہے، تحریک انصاف کی ریلی ساڑھے 5 بجے ختم ہوگی جب کہ پی ایس ایل کا میچ 7 بجے شروع ہوگا۔
درخواست میں مزیدکہا گیا ہےکہ اس سے پہلےکسی شہر میں پی ایس ایل میچ کے دوران دفعہ 144 کا نفاذ نہیں کیا گیا، الیکشن کمپین تحریک انصاف کا آئینی حق ہے، پنجاب حکومت غیر قانونی طور پر تحریک انصاف کی الیکشن کمپین کو روک رہی ہے۔