Time 11 مارچ ، 2023
پاکستان

انکی کوشش ہے مجھے قتل یا دھماکا کرکے الیکشن کینسل کرائیں: عمران خان

آئی جی کو شرم آنی چاہیے، پہلے قتل کہا، اب حادثہ کہہ رہے ہیں، قتل کو کور اپ کرنے کیلئے لوگوں سے بیانات دلوا رہے ہیں: عمران خان— فوٹو: اسکرین گریب
آئی جی کو شرم آنی چاہیے، پہلے قتل کہا، اب حادثہ کہہ رہے ہیں، قتل کو کور اپ کرنے کیلئے لوگوں سے بیانات دلوا رہے ہیں: عمران خان— فوٹو: اسکرین گریب

سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج لاہور میں انتخابی ریلی کی قیادت کا اعلان کردیا۔

ویڈیو لنک سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ظل شاہ کو شہید کیا گیا میں اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر دیکھتا رہا، 26 سال کی سیاست میں مشکل سے مشکل وقت آیا،  25 مئی کو بھی ہمارے کارکنوں پر بڑا ظلم ہوا، گیارہ سال کے بچے کو پکڑ کر لے گئے خواتین پر تشدد کیا گیا، 25 مئی کو ہمارے دو کارکن شہید کیے گئے تب بھی یہ درندے پولیس والے تھے، ظل شاہ کی شہادت سے صرف مجھے نہیں قوم کو تکلیف ہوئی، 25 مئی کو انہوں نے ظل شاہ کا بازو توڑ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ظل شاہ سے متعلق آج تک نہیں سنا کہ اس نے کسی کے ساتھ برا کیا ہو، پولیس ظل شاہ کو اٹھاکر وین میں کہاں لے گئی، 2گھنٹے اس کے ساتھ کیا کیا گیا؟ ہمارے کارکن ظل شاہ کی لاش سڑک سے اٹھاکر اسپتال لے کر گئے، ذہن نہیں مانتا کہ یہ کس طرح کے درندے تھے، ظل شاہ کی تصویریں دیکھیں اس کے ساتھ ظلم کرکے لاش سڑک پر پھینکی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ ایسے شخص کو وزیراعلیٰ بنایا گیا جس کے ذہن میں ہمارے خلاف زہر تھا، ہمارے کارکنوں نے بتایا کہ جہاں سے ہمارے قافلے گزرے پولیس ہمارے ساتھ تھی، یہ جو مسلط ہیں ہم پر یہ ہمیں انسان نہیں بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں، آج یہ پریس کانفرنس میں کہتے ہیں کہ ظل شاہ کے ساتھ حادثہ ہواہے، 25 مئی میں جو سی سی پی او ملوث تھا اس کو خاص بلاکر لگایا گیا، پولیس والے نے پیغام دیا کہ ہم نے تشدد نہیں کیا نامعلوم افراد نے کیا۔

ان کا کہنا تھاکہ آئی جی کو شرم آنی چاہیے ہمارا کارکن مارا گیا اور مقدمہ مجھ پر کیا گیا، اب کور اپ کرنے کے لیے لوگوں سے بیانات دلائے جارہے ہیں، اب تمام ثبوت ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، شہبازگل کو جس وجہ سے پکڑا گیا تھا، خواجہ آصف نے بھی وہی بیان دیا جس پر شہبازگل کو پکڑا گیا ، میں شہبازگل کو کہوں گا کہ خواجہ آصف کے خلاف پرچے کرے تاکہ اس کو بھی وہی سزا ملے جو شہبازگل کو دی گئی۔

سابق وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پارٹی کو کہنا چاہتا ہوں سب تیار ہوں کل (آج) دو بجے الیکشن ریلی کی قیادت کروں گا، کل (آج) لاہور کے لوگوں نکلنا ہے یہ بتانے کیلئے کہ ہم بھیڑ بکریاں نہیں، کل (آج) لاہور کے لوگ نکلیں گے کل ان کو بتائیں گے کہ قوم کہاں کھڑی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کی کوشش ہے مجھے قتل کرکے یا کوئی دھماکے کرکے الیکشن کینسل کرائیں، مجھے پتا ہے کہ الیکشن روکنے کے لیے انھوں نے کچھ کرنا ہے، قوم ساری ہمارے ساتھ کھڑی ہے اس لیے یہ ڈرے ہوئے ہیں، جن کا کام قوم کو بچانا ہے وہ ان کے ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں۔

مزید خبریں :