13 مارچ ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پی سی بی کی جانب سے کچھ کھلاڑیوں کو آرام دیے جانے کے امکان سے لا علم نکلے۔
گزشتہ دنوں ذرائع نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ افغانستان کےخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کو آرام دیے جانےکا امکان ہے ،اس صورت میں فاسٹ بولر شاہین آفریدی کپتانی کے مضبوط امیدوار ہیں۔
بعد ازاں گزشتہ روزذرائع نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے شاہین آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے کپتانی کی پیشکش کی ہے۔
اتوار کو ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) 8 کے 29 میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 13 رنز سے شکست دیکر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان سے سوال کیا کہ خبریں آرہی ہیں کہ افغانستان کے خلاف سیریز میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو آرام دے کر شاہین شاہ آفریدی کو کپتان بنایا جارہا ہے؟
جس پر شاداب نے صحافی سے پوچھا کہ بابر ، رضوان اور مجھے بھی آرام کرایا جارہا ہے؟ معلوم نہیں افغانستان کے خلاف سیریز میں رضوان، بابر یا مجھے آرام دیا جا رہا ہے ، یہ میں آپ سے ہی سن رہا ہوں ، اگر ایسی کوئی بات ہوتی تو ہمیں بتایا جاتا۔
شاداب نے مزید کہا کہ میں نے بابر اعظم سے بھی پوچھا ہے، انہیں بھی ایسا کچھ معلوم نہیں ، اگر آرام کرانا ہے تو کسی نے رابطہ کیا ہوتا ، ہم سے کسی نے رابطہ نہیں کیا ۔
واضح رہے کہ افغانستان کےخلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچ شارجہ میں 24 ، 26 اور 27 مارچ کو ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ افغانستان کےخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے نئے کھلاڑیوں کو آزمایا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق صائم ایوب، حسیب اللہ، اعظم خان اور احسان اللہ کو ٹیم میں شامل کیے جانےکا امکان ہے جب کہ عماد وسیم اور فہیم اشرف کو بھی ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔