13 مارچ ، 2023
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں شاداب خان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ تمام سینئر کھلاڑیوں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کیے ہیں اس پر سب کو اتفاق ہے، ہمیں اب ورلڈکپ کا سوچنا ہے، ابھی سے اسسمنٹ کریں گے تو ابھی سے یہ کام کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ سوچا ہے اب تمام ینگ کھلاڑیوں کو موقع دیں گے اور سینئرز کھلاڑیوں کو آرام دیں گے، اس حوالے سے تمام ٹاپ کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیا ہے، بابراعظم، رضوان، شاہین، حارث رؤف اور فخر سے بات کرلی ہے انہیں آرام دیں گے، اس پر سارے خوش ہیں۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بابر ہمارا بہترین کپتان ہے، وہ ٹیم کےکپتان برقرار ہیں، جس دن وہ کہیں گے اس پر ان کی کپتانی کا فیصلہ کریں گے، ہمارے سینئرزکھلاڑیوں کو کوئی خطرہ نہیں ان کی جگہ پکی ہے، نئے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کررہے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے اعلان کیا ہےکہ پاک افغان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے شاداب خان کو کپتان بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف سلیکٹر کے مطابق ریزرو کھلاڑیوں میں ابرار احمد، حسیب اللہ اور اسامہ میر شامل ہیں۔
افغانستان سے سیریز کے لیے آصف علی، حیدر علی، محمد حسنین اور خوشدل شاہ کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 24 سے 27 مارچ تک شارجہ میں کھیلی جائے گی۔