کھیل
Time 14 مارچ ، 2023

سری لنکا کو کیویز کے ہاتھوں شکست، ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی دوسری ٹیم کا فیصلہ بھی ہوگیا

فوٹو: آئی سی سی
فوٹو: آئی سی سی 

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹ سے ہرا دیا، سری لنکا کی شکست کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ بھی ہوگیا۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے آخری دن نیوزی لینڈ نے 28 رنز  ایک کھلاڑی آؤٹ سے دوسری اننگز آگے بڑھائی، 285 رنز کے تعاقب میں ٹام لیتھم 24 اور ہینری نکولز 20 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے لیکن کین ولیمسن ایک اینڈ پر ڈٹ گئے ۔

کیوی بیٹر ڈیرل مچل نے سابق کپتان کا خوب ساتھ دیا ،دونوں اسکور کو 90 سے 232 تک لے گئے ۔

 اس موقع پر  اسیتھا فرنینڈو نے ڈیرل مچل کی وکٹ گرائی ، وہ 81 رنز بنا گئے ،اس کے بعد بلینڈل اور بریسویل کو بھی آؤٹ کیا ،  دوسرے اینڈ سے ولیمسن نے سنچری مکمل کی۔

کپتان ٹم ساؤتھی ایک اور اور میٹ ہینری بھی چار رن بنا کر لوٹ گئے لیکن ولیمسن  ڈٹے رہے اور میچ کی آخری گیندر پر 8 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کر دیا  اور یوں  نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ دو وکٹ سے جیت لیا، ولیمسن 121 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جیت کے بعد بھارت آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گیا۔ آسٹریلیا پہلے ہی پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرچکا تھا۔

  آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر بھارت اور سری لنکا دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود تھے۔

بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف 4 میچز پر مشتمل سیریز دو ایک سے جیت کر اپنی فائنل میں پہنچنے کی پوزیشن تو مستحکم کی لیکن ساتھ ہی آخری ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کی صورت میں سری لنکا کو فائنل میں پہنچنے کا ایک موقع دے دیا۔

سری لنکا کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے نیوزی لینڈ کے خلاف 2 میچز پر مشتمل حالیہ سیریز دو صفر سے جیتنا ضروری تھی۔

تاہم کیویز کے ہاتھوں شکست کے بعد سری لنکا کا ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کا خواب ٹوٹ گیا اور یوں بھارت مسلسل دوسری بار اس ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گیا۔ 

فوٹو: آئی سی سی اسکرین شاٹ
فوٹو: آئی سی سی اسکرین شاٹ

واضح رہے ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل رواں سال 7سے 11 جون کو انگلینڈ کے اوول میدان میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :