دنیا
Time 14 مارچ ، 2023

روس، یوکرین سے اناج برآمد کرنے کے معاہدے میں توسیع پر رضامند

روس، یوکرین سے اناج برآمد کرنے کے معاہدے میں توسیع پر رضامند

روس نے یوکرین سے اناج کی برآمدات کے معاہدے میں 60 روزہ توسیع کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔

روس کا کہنا ہے وہ نام نہاد بلیک سی گِرَین انیشیٹو میں توسیع کی مخالفت نہیں کرے گا جس کا مقصد خوراک کے عالمی بحران کو کم کرنا ہے۔

جنیوا میں روس نے اصل معاہدے کی 120 دن کی مدت میں سے نصف کیلئے معاہدے کی توسیع پر اتفاق کیا۔

اقوام متحدہ کے وفد سے ملاقات کے بعد روسی ڈپٹی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’بلیک سی انیشیٹو‘ کی مدت ختم ہونے کے بعد اس کی میعاد میں اضافے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات سے ایک بار پھر تصدیق ہو گئی ہے کہ کیف کو منافعہ پہنچانے کیلئے یوکرینی اشیاء کی درآمدات بہت تیزی سے کرانے کی کوششیں کی جاتی ہیں تاہم روسی زرعی درآمدات پر اب بھی پابندیاں عائد ہیں۔

روسی ڈپٹی وزیر خارجہ نے کہا کہ واشنگٹن، برسلز اور لندن کی جانب سے روس پر فرٹیلائیزر اور غذائی اشیاء کی درآمد پر  پابندیوں کے استثنیٰ پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے کا کہ اس مرتبہ توسیع صرف 60 دن کیلئے ہوگی اور مستقبل کے لائحہ عمل کا انحصار زبانی کلامی کے بجائے ہماری زرعی درآمدات کے عملی نارملائزیشن پر منحصر ہوگا۔

دوسری جانب یوکرین نے متنبہ کیا کہ یہ اصل معاہدے سے "متصادم" ہے، تاہم یوکرین نے تجویز کو مسترد نہیں کیا۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ اور ترکی کی ثالثی میں گزشتہ سال جولائی میں یوکرین سے اناج برآمدات جاری رکھنے کے معاہدے کی مدت رواں سال 18 مارچ کو ختم ہو جائے گی، معاہدے کے تحت اب تک دو کروڑ 40 لاکھ ٹن سے زیادہ اناج بر آمد ہوا۔

مزید خبریں :