دنیا
Time 15 مارچ ، 2023

عمران خان کی گرفتاری سے پاکستان کا سیاسی بحران مزید گہرا ہوگا، زلمے خلیل زاد

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

افغانستان کے لیے سابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ پاکستان کو تین بحرانوں کا سامنا ہے، یہ بحران سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی کے ہیں۔

پاکستان کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ایک بیان میں زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ یہ سنجیدہ ، جرات مندانہ سوچ، اور حکمت عملی کا وقت ہے، سیاستدانوں کو جیلوں میں ڈالنا، پھانسی دینا، قتل کرنا غلط راستہ ہے۔

زلمے خلیل زاد نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری سے پاکستان کا سیاسی بحران مزید گہرا ہو گا، خرابی کو روکنے کے لیے جون کے اوائل میں قومی انتخابات کے لیے ایک تاریخ مقرر کریں، جو پارٹی الیکشن جیتے گی اسے عوام کا مینڈیٹ حاصل ہو گا کہ کیا کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کئی گھنٹوں سے زمان پارک پر موجود ہے جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :