Time 15 مارچ ، 2023
پاکستان

جیل جانے کو تیار ہوں، اس کا مجھے یا میری سیاست کو کوئی نقصان نہیں ہوگا، عمران خان

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میں جیل جانے کو تیار ہوں،گرفتاری کی کوشش سے وہ وعدے پورے کیے جا رہے ہیں جو نواز شریف سے کیے گئے۔

واضح رہے کہ عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کئی گھنٹوں سے زمان پارک پر موجود ہے جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔

اس صورتحال میں برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو  دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میں جیل جانے کو تیار ہوں،جیل جانے سے مجھے یا میری سیاست کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ میری گرفتاری کی کوشش سےوہ وعدے پورے کیے جا رہے ہیں جو نواز شریف سے کیے گئے، نواز شریف خود دو بار ملک سے ڈر کے فرار ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے گرفتار ہونے کی صورت میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو پارٹی چلائے گی، گھر کے باہر حمایتی حفاظت کے لیے موجود ہیں، ماضی میں پارٹی رہنماؤں کو اٹھایا گیا اور مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

عمران نے مزید کہا کہ مجھے نہیں پتا جیل میں کیا ہوگا،مگر میں تیار ہوں،انسان کو ہر چیز کے لیے تیار ہونا  چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی ہمارے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے نہیں ہیں، میرا کوئی جرم نہیں،نوازشریف پاناما کیس میں جیل گئے تھے،میرے اوپر 80 مقدمات بنائے گئے،ایک بھی ایسا نہیں جو ثابت ہوجائے، مجھےجیل میں ڈالنے سے انہیں نقصان ہے،مجھے کوئی نقصان نہیں۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ویڈیو بیان بھی جاری کیا تھا۔

اپنے بیان میں عمران خان کا کہنا تھاکہ میں آپ کی جنگ لڑ رہا ہوں، مجھے کچھ ہوجاتا ہے یا جیل چلا جاتا ہوں تو آپ نے جدوجہد جاری رکھنی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ پولیس مجھے گرفتار کرنے آئی ہے، ان کا یہ خیال ہے میں جیل چلا جاؤں تو قوم سوجائے گی، آپ نے اپنے حقوق اور حقیقی آزادی کیلئے باہر نکلنا ہے، میں نے اپنی ساری زندگی یہ جنگ لڑی ہے اور لڑتا رہوں گا۔

مزید خبریں :