15 مارچ ، 2023
روس نے روسی لڑاکا طیارے کے امریکی ڈرون سے ٹکرانے کا امریکی دعویٰ مسترد کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز امریکا نے دعویٰ کیا کہ بحیرہ اسود پر پرواز کے دوران مبینہ طور پر امریکی ڈرون سے روسی جنگی طیارہ ٹکرانے کے نتیجے میں ڈرون مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
امریکی فوج کا کہنا تھا کہ Su-27 روسی جنگی طیارے کی مداخلت پر امریکی ڈرون MQ-9 بحیرہ اسود میں گر کر تباہ ہوا۔
امریکی فوجی حکام کے مطابق امریکی ڈرون بین الاقوامی فضائی حدود میں معمول کی کارروائی پرتھا جب روسی جنگی طیارے نےامریکی MQ-9 ریپرڈرون کو روکنے کی کوشش کی تھی۔
حکام کے مطابق امریکی ڈرون کو روکنے کی کوشش میں روسی طیارہ ڈرون سے ٹکرا گیا، ٹکر کے نتیجے میں امریکی ڈرون مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
دوسری جانب روس نے روسی لڑاکاطیارے کے امریکی ڈرون سے ٹکرانے کا امریکی دعویٰ مسترد کر دیا۔
روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روسی لڑاکا طیارہ امریکی ڈرون طیارے سے رابطےمیں نہیں آیا،روسی لڑاکا طیارے نے کوئی ہتھیار امریکی طیارے کے خلاف استعمال نہیں کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی ڈرون طیارہ اپنی تیز رفتاری کے باعث سمندرمیں گر گرتباہ ہوا، روسی لڑاکا طیارہ اپنی ائیرفیلڈ پر بحفاظت واپس پہنچ گیا ہے۔