شتیش کوشک کی بیٹی کا والد کے انتقال کے بعد اہم قدم

کچھ روز قبل ونشیکا کوشک نے اپنے انسٹاگرام سے والد کے ساتھ ایک یادگار لمحے کی تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ اپنے والد کو گلے لگا رہی تھیں — فوٹو: فائل
کچھ روز قبل ونشیکا کوشک نے اپنے انسٹاگرام سے والد کے ساتھ ایک یادگار لمحے کی تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ اپنے والد کو گلے لگا رہی تھیں — فوٹو: فائل

بالی وڈ کے اداکار اور فلمساز ستیش کوشک کے انتقال کے چند روز بعد ہی ان کی بیٹی نے ایک اہم قدم اٹھا لیا۔

اداکار کی 10 سالہ بیٹی ونشیکا کوشک نے والد کے انتقال کے بعد اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا۔

کچھ روز قبل ونشیکا کوشک نے اپنے انسٹاگرام سے والد کے ساتھ ایک یادگار لمحے کی تصویر شیئر کی تھی جس میں وہ اپنے والد کو گلے لگا رہی تھیں تاہم کچھ دن بعد ہی انہوں نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا۔

ستیش کوشک بھی اپنے انسٹاگرام سے مختلف مواقع پر اپنی بیٹی کے ساتھ گذارے ہوئے لمحوں کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے رہتے تھے، اور اپنی تصاویر اور ویڈیوز میں بیٹی کو ٹیگ بھی کرتے تھے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ستیش کوشک 66 برس کی عمر میں، نئی دہلی میں کار میں سفر کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔

ستیش کوشک بھارتی اداکار، کامیڈین، اسکرین رائٹر، ہدایتکار اور پروڈیوسر تھے۔ وہ 13 اپریل 1956 کو ہریانہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے بالی وڈ میں ڈیبیو کرنے سے قبل تھیٹرز میں کام کیا۔

ستیش کوشک کی موت کے بعد بھارتی بزنس مین وکاس مالو کی اہلیہ سانوی مالو نے اپنے ایک خط میں پولیس کمشنر کو بتایا کہ ستیش کوشک نے ان کے شوہر کو 15 کروڑ روپے کا قرض دیا تھا، اس رقم کی واپسی کیلئے ایک بار بیرونِ ملک ملاقات بھی ہوئی اور اس ملاقات کے دوران کافی تلخ کلامی کے بعد وکاس نے رقم واپس کرنے کا وعدہ کیا۔

انوی نے بتایا تھا کہ چونکہ اداکار ان کے شوہر کے فارم ہاؤس میں بیمار ہوئے تھے، اس لیے اُنہیں شک ہے کہ وکاس نے رقم واپسی کا مطالبہ کرنے پر اُنہیں قتل کر دیا۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ہولی کھیلنے کے بعد دہلی کے علاقے بجواسن کے جس فارم ہاؤس پر ستیش کوشک نے دیگر اداکاروں کے ہمراہ پارٹی کی تھی، وہاں کے کمرے سے کچھ مشکوک ادویات برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مذکورہ ادویات کو ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیا گیا ہے البتہ ستیش کوشک کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اس بات کا تعین کیا جاسکے گا کہ آیا ان ادویات کا اداکار کی موت سے کوئی لینا دینا ہے یا نہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ بھارتی بزنس مین وکاس مالو نے اہلیہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی ستیش کوشک کے ساتھ کسی بزنس میں شراکت داری نہیں تھی۔

مزید خبریں :