برطانوی کمپنی نے خانہ کعبہ کے نقش والے گولڈ بار جاری کردیے

برطانوی کمپنی نے خانہ کعبہ کے نقش والے گولڈ بار جاری کردیے

برطانیہ کی سکے بنانے والی سب سے قدیم کمپنی رائل منٹ نے رمضان سے قبل اسلام کے مقدس ترین مقام خانہ کعبہ کے نقش والے گولڈ بار (سونے کے بسکٹ) جاری کر دیے۔

عرب میڈیا کے مطابق کمپنی کی جانب سے ویلز کی مسلم کونسل سے مشاورت کے بعد 20 گرام سونے کے یہ بار بنائے گئے ہیں۔

خانہ کعبہ کے نقش والے 999.9 فیصد خالص سونے سے بنے ایک گولڈ بار کی قیمت 1 لاکھ 112 اعشاریہ 58 برطانوی پاؤنڈ مقرر کی گئی ہے۔

رائل منٹ کمپنی میں قیمتی دھاتوؤں کے ڈائریکٹر اینڈریو ڈکی کا کہنا تھا کہ سکے بنانے کی 1100 سالہ تاریخ کے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ہمارے کاریگروں نے تمام مسلمانوں کیلئے متبرک ترین مقام خانہ کعبہ کی خوبصورت شبیہہ والے گولڈ بار تیار کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس گولڈ بار کی پیکنگ کیلئے بھی اسلامی تھیم کا ہی انتخاب کیا گیا ہے جو اسے ہمارے کسٹمرز کیلئے عیدالفطر کے دوران ایک قیمتی تحفہ یا پھر 999.9 فیصد خالص سونے میں سرمایہ کاری کا بہترین موقع بن سکتا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے نئے گولڈ بار کے بارز چیریٹی ایونٹ میں نیلامی کیلئے پیش کیے گئے ہیں، نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے خرچ کی جائے گی۔