16 مارچ ، 2023
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی عدالت نے خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے۔
ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے20 مارچ تک عمران خان کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی عدالت میں ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی نے خاتون جج کو دھمکی کے کیس میں وارنٹ منسوخی کی درخواست پر سماعت کی۔
پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئےکہا کہ عمران خان کی غیر موجودگی میں ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخ نہیں ہوسکتے،غیر موجودگی میں ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخ کیے تو دیگر ملزمان کوبھی یہ فائدہ دیاجائےگا۔
پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ وارنٹ گرفتاری عمل میں لانے کے لیے پولیس پہنچی تو ان پرپیٹرول بم پھینکا گیا، پولیس پرکارکنان نے تشدد کیا،عمران خان کی ضمانت بھی اس میں واپس لینی چاہیے۔
عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے انہیں 20 مارچ تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
خیال رہے کہ خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں 13 مارچ کو سول جج ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ رانامجاہد رحیم نے عمران خان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
عدالت نے عدم پیشی پر عمران خان کو 29 مارچ تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔
14 مارچ کو ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری 16 مارچ تک معطل کردیے تھے۔
آج پھر عمران خان کے وکلاء نے وارنٹ منسوخ کرنے کی استدعا کی، عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے 20 مارچ تک متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔