کھیل
Time 17 مارچ ، 2023

زمان خان نے کس فاسٹ بولر سے متاثر ہوکر بولنگ کرنا شروع کی ؟

ملک کی نمائندگی آپ کی نظروں میں ایک گول ہوتا ہے جس کیلئے آپ محنت کرتے ہیں : فاسٹ بولر کی جیوز نیوز سے گفتگو/فوٹو جیونیوز
 ملک کی نمائندگی آپ کی نظروں میں ایک گول ہوتا ہے جس کیلئے آپ محنت کرتے ہیں : فاسٹ بولر کی جیوز نیوز سے گفتگو/فوٹو جیونیوز  

لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر زمان خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم میں آ نےکا خواب پورا ہوگیا ہے۔

زمان خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فاسٹ بولر شعیب اختر کو شروع میں دیکھ کر  بولنگ شروع کی، میں شروع سے شعیب اختر کو دیکھ رہا ہوں وہ ہمارے اسپیڈ اسٹار  رہے ہیں انھی سے  متاثر ہو کر بولنگ شروع کی۔

فاسٹ بولر زمان خان کے مطابق کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے گزشتہ پی ایس ایل سیزن میں بھی اچھا پرفارم کیا اور اس مرتبہ بھی اس کے لیے کوشش کی ہے اور اب قومی ٹیم میں نام آنے پر خوش ہوں۔

ہر کرکٹر کا خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرے: فاسٹ بولر 

انہوں نے کہا کہ ہر کرکٹر کا خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنے ملک کی نمائندگی کرے ملک کی نمائندگی آپ کی نظروں میں ایک گول ہوتا ہے جس کیلئے  آپ محنت کرتے ہیں میں نے اپنا مقصد پانے کے لیے بہت محنت کی ہے جتنا بتاؤں اتنا کم ہے ڈومیسٹک کرکٹ پر فوکس کیا جہاں موقع ملا کھیلا اور پرفارم کیا ، میرے یہاں تک سفر میں گھر والوں اور کوچز نے بہت متاثر کیا ہے۔

جہاں تک ڈیتھ اوورز کا تعلق ہے میں ڈیتھ اوورز کیلئے بڑی محنت کرتا ہوں: زمان خان  

زمان خان یہاں تک پہنچنے کے سفر میں لاہور قلندرز کو بھی اہم قرار دیتے ہیں کہتے ہیں کہ لاہور قلندرز میں شاہین آفریدی اور حارث رؤف سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا کیمپ میں ان سے سیکھ کر میچز میں اسی طرح کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ انفرادی کارکردگی کے ساتھ ہماری ٹیم لاہور قلندرز بھی اچھا کر رہی ہے لاہور قلندرز کی ٹیم نے پی ایس ایل 7 جیتا اب بھی اسی کوشش میں ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ جہاں تک ڈیتھ اوورز کا تعلق ہے میں ڈیتھ اوورز کیلئے بڑی محنت کرتا ہوں آف سیزن میں میں گھنٹوں پریکٹس کرتا ہوں ، میرا گول یہی ہے کہ جو اس وقت کر رہا ہوں اس سے اچھا پاکستان ٹیم کے لیے کروں۔

نوجوان فاسٹ بہت آ رہے ہیں ان میں سخت مقابلہ ہے : زمان خان 

نوجوان فاسٹ بولرز میں پائے جانے والے مقابلے کے بارے میں زمان خان نے کہا کہ نوجوان فاسٹ بہت آ رہے ہیں ان میں سخت مقابلہ ہے جب مقابلہ سخت ہو تو مزید محنت کرنا پڑتی ہے جو سب کر رہے ہیں اور میں بھی کر رہا ہوں۔

واضح رہے کہ  زمان خان کو افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان اسکواڈ کے لیے شامل کیا گیاہے۔

مزید خبریں :