Time 17 مارچ ، 2023
دنیا

بھارت: لیڈی ڈاکٹر کا آپریشن کیلئے رشوت کا مطالبہ، بچہ ماں کے پیٹ میں ہی دم توڑ گیا

مقامی اسپتال کی خاتون ڈاکٹر پلوی نے حاملہ خاتون سے 10 ہزار روپے رشوت طلب کی لیکن خاتون کے اہلخانہ نے رقم نہ ہونے کا بتایا: بھارتی میڈیا/ فائل فوٹو
مقامی اسپتال کی خاتون ڈاکٹر پلوی نے حاملہ خاتون سے 10 ہزار روپے رشوت طلب کی لیکن خاتون کے اہلخانہ نے رقم نہ ہونے کا بتایا: بھارتی میڈیا/ فائل فوٹو

بھارت میں لیڈی ڈاکٹر نے رشوت لیے بغیر حاملہ خاتون کے آپریشن سے انکار کردیا جس سے بچہ ماں کے رحم میں ہی دم توڑ گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ریاست کرناٹکا میں پیش آیا جہاں ایک حاملہ خاتون بچے کی پیدائش کے وقت آپریشن کے لیے اسپتال پہنچی لیکن وہاں اس سے آپریشن کے عوض پہلے رشوت طلب کی گئی۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ مقامی اسپتال کی گائناکولوجسٹ ڈاکٹر پلوی نے حاملہ خاتون سے 10 ہزار روپے رشوت طلب کی لیکن خاتون کے اہلخانہ نے رقم نہ ہونے کا بتایا جس پر ڈاکٹر نے خاتون کے آپریشن سے انکار کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حاملہ خاتون سنگیتا مقامی علاقے کی رہائشی اور ہاؤس وائف ہے جس کے آپریشن کے لیے خاتون ڈاکٹر نے 10 ہزار کا انتظام بطور رشوت کرنے کے لیے کہا لیکن پیسوں کا انتظام کرنے میں اس کے اہلخانہ کو تاخیر ہوئی تو ڈاکٹر نے آپریشن روکے رکھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر کو 10 ہزار روپے رشوت دیے جانے کے بعد جب آپریشن کیا گیا تو آپریشن میں تاخیر کے سبب بچہ ماں کے رحم میں ہی انتقال کرچکا تھا۔

واقعے پر خاتون کے اہلخانہ نے اسپتال میں شدید احتجاج کیا جس پر مقامی کمشنر نے خاتون ڈاکٹر کو معطل کرکے رپورٹ طلب کرلی۔

مزید خبریں :