17 مارچ ، 2023
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی اسلام آباد کچہری میں ممکنہ پیشی کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے عمران خان کی سکیورٹی کے لیے چیف سکیورٹی آفیسر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد پولیس سے آر پی او راولپنڈی، ڈی آئی جی سکیورٹی اور پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے ملاقات کی جس میں عمران خان کی عدالت میں ممکنہ حاضری کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کی تفصیلات طے کی گئیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق سکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں، شبلی فراز نے ایف ایٹ عدالتوں کو سماعت کے لیے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کا مطالبہ کیا، آئی جی اسلام آباد کی طرف سے متعلقہ اداروں سے تجویز پر غور کی درخواست کی جائے گی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سکیورٹی کے لیے چیف سکیورٹی آفیسر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چیف سکیورٹی آفیسر شبلی فراز کے توسط سے عمران خان کی ٹیم سے رابطہ کریں گے، مزید تفصیلات طے کرنے کے لیے چیف سکیورٹی آفیسر کے لاہور جانے کا امکان ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی پیشی کے موقع پر عدالتی احکامات کے مطابق محدود افراد کو عدالتی احاطے میں جانے کی اجازت ہو گی، عدالت سے ضابطہ اخلاق کے اجرا کی درخواست کی جائے گی۔