Time 15 مارچ ، 2023
پاکستان

عمران خان نے 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کی تحریری یقین دہانی کرا دی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہونےکی یقین دہانی کرادی ہے۔

فرخ حبیب نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہونےکی شورٹی انڈرٹیکنگ لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر اشتیاق اے خان کے حوالے کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شورٹی انڈر ٹیکنگ کوڈ آف کرمنل پروسیجر سیکشن 76 کے تحت دی گئی،  اس کے بعد پولیس کے پاس کارروائی کا کوئی جواز نہیں ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت خون ریزی سے باز رہے،ہم پرامن ہیں،تصادم نہیں چاہتے۔

خیال رہے کہ خاتون جج کو دھمکانے اور توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر اسلام آباد کی دو عدالتوں نے عمران خان کے علیحدہ علیحدہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

عمران خان طلبی کے باوجود سکیورٹی خدشات پر عدالت پیش نہ ہوئے تاہم انہوں نےلاہور میں پی ٹی آئی ریلی کی قیادت کی۔

توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر سیشن عدالت نے عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر کے 18 مارچ کو پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے ۔

گزشتہ روز اسلام آباد کی عدالت نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں جاری عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری 16 مارچ تک معطل کردیے۔

تاہم توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کئی گھنٹوں سے زمان پارک پر موجود ہے جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :