Time 17 مارچ ، 2023
دنیا

یوٹیوب نے ڈونلڈ ٹرمپ کا چینل بحال کر دیا

ڈونلڈ ٹرمپ کے چینل پر اب کوئی پابندی نہیں، وہ نئی ویڈیوز اپلوڈ کر سکتے ہیں: یوٹیوب— فوٹو: فائل
ڈونلڈ ٹرمپ کے چینل پر اب کوئی پابندی نہیں، وہ نئی ویڈیوز اپلوڈ کر سکتے ہیں: یوٹیوب— فوٹو: فائل

ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا  چینل بحال کردیا۔

ٹوئٹر پر یوٹیوب کے پریس اکاؤنٹ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے چینل پر اب کوئی پابندی نہیں، وہ نئی ویڈیوز  اپلوڈ کر سکتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم نے بہت باریکی سے دنیا میں تشدد کے مستقل خطرے کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ ووٹروں کو الیکشن میں حصہ لینے والے قومی سطح کے تمام امیدواروں کو برابر کی بنیاد پر سننے کا موقع فراہم کیا جائے۔

بیان کے مطابق چینل کو اب بھی کسی اور چینل کی طرح ہماری پالیسیوں پر عمل کرنا ہوگا۔

یوٹیوب کی جانب سے جنوری 2021 میں تشدد پر اکسانے سے متعلق ویب سائٹ کی پالیسیوں کی خلاف ورزی کے الزام میں ڈونلڈ ٹرمپ کے چینل پر ویڈیوز پوسٹ کرنے کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ  6 جنوری 2021 کو سابق صدر کے ہزاروں حامیوں کی جانب سے امریکی دارالخلافہ میں کیپیٹل ہل کی عمارت پر حملہ آور ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے چینل پر ویڈیوز پوسٹ کرنے کی پابندی لگائی گئی تھی۔

کیپیٹل ہل پر ہنگامہ آرائے کے بعد فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام نے بھی صدر ٹرمپ کے اکاؤنٹ معطل کر دیے تھے، جس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ٹرتھ سوشل‘ کے نام سے اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم متعارف کروا دیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے یوٹیوب سبسکرائبرز کی تعداد 26 لاکھ ، ٹوئٹر فالوور 8 کروڑ 70 لاکھ، فیس بک پر 3 کروڑ 40 لاکھ جبکہ انسٹاگرام پر 2 کروڑ 30 لاکھ لوگ انہیں فالو کرتے ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ بحال کردیا گیا تھا جس کے بعد فیس بک اور انسٹاگرام نے بھی ٹرمپ کے اکاؤنٹ بحال کیے تھے۔

مزید خبریں :