Time 18 مارچ ، 2023
پاکستان

عمران کی عدالت میں پیشی: تصادم میں کتنے پولیس اہلکار اور عام شہری زخمی ہوئے؟

زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے ترجمان پمز اسپتال اور پولیس حکام کے بیانات سامنے آئے ہیں۔ اسکرین گریب
زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے ترجمان پمز اسپتال اور پولیس حکام کے بیانات سامنے آئے ہیں۔ اسکرین گریب

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہنگاموں میں دو درجن سے زائد پولیس اہلکار اور عام شہری زخمی ہوئے۔

آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے بلا اشتعال پتھراؤ کیا گیا اور پولیس پر آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی جو ہمارے لیے نئی اور حیران کر دینے والی بات ہے۔

اس کے علاوہ جلاؤ گھیراؤ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر کھڑی 10 موٹر سائیکلوں کو بھی نذر آتش کیا اور سرکاری افسر کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔

اب ترجمان پمز اسپتال کا کہنا ہے کہ کل 30 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا، زخمیوں میں 5 شہری اور 25 پولیس اہلکار شامل ہیں۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان تصادم میں 33 افراد زخمی ہوئے، زخمی ہونے والوں میں 3 پولیس افسران سمیت 30 اہلکار شامل ہیں۔

مزید خبریں :