19 مارچ ، 2023
سنگاپور میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے دنیا میں پینگوئن کی آنکھ میں سفید موتیے کا اپنی نوعیت کا پہلا آپریشن کردیا۔
سنگاپور کے جانوروں کے ایک اسپتال میں 5 ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے 3 کنگ پینگوئن اور 3 ہمبولڈٹ پینگوئن کی آنکھوں میں سفید موتیے کا کامیاب آپریشن کرکے ویٹرنری میڈیسن کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کردی۔
سنگاپور کے چار وائلڈ لائف پارکوں میں دنیا بھر سے 1 ہزار سے زائد اقسام کے 21 ہزار سے زائد جانوروں کو سنبھالنے والے منڈائی وائلڈ لائف گروپ کے ڈاکٹر ایلن راسیدی کا کہنا تھا کہ ہمارے مشاہدے میں آیا کہ پینگوئنز کو اپنے سامنےموجود چیزیں دیکھنے میں دقت کا سامنا ہے جس کے باعث وہ پانی اور اپنے گروپ سے بھی کٹ کر رہنے لگے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عام طور پر عمر بڑھنے پر کچھ قسم کے جانوروں کے ساتھ اس طرح کے مسائل پیش آتے ہیں لیکن ہم ان کی آنکھوں میں لینس لگا دیتے ہیں جو کہ پینگوئنز کو بھی لگائے گئے تھے اور انہیں آنکھوں کے قطرے بھی ڈالے جاتے تھے لیکن صورتحال میں کوئی فرق نہیں آیا جس کے بعد ان کی آنکھوں میں سفید موتیے کے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔
آپریشن کرنے والی کی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر گلیڈی بو کا کہنا تھا کہ بڑا جاندار ہونے کے باعث پینگوئن کی آنکھیں بڑی ہوتی ہیں جن میں لینس لگائے جاسکتے ہیں اسی لیے ہم نے دنیا کا اپنی نوعیت کا پہلا آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پینگوئن کی آنکھوں کو پانی سے محفوظ رکھنے والی تیسری پلک کی وجہ سے آپریشن تھوڑا پیچیدہ تھا کیونکہ عام طور پر پینگوئن اپنی تیسری پلک نہیں جھپکتا لیکن آپریشن کے دوران اسے بند کرنے کا خطرہ موجود تھا۔
آپریشن کیلئے تمام پینگوئنز سنگاپور کے معروف سیاحتی مرکز جورونگ برڈ پارک سے لائے گئے تھے جہاں 5 ہزار سے زائد پرندے موجود ہیں۔
کنگ پینگوئن جنوبی اٹلانٹک اور جنوبی بحرہند سے سنگاپور لائے گئے تھے جبکہ ہمبولڈٹ پینگوئن امریکا سے لائے گئے تھے۔