زندگی کا مقصد سلمان خان کو قتل کرنا ہے: لارنس بشنوئی

اگر ہماری برادری انہیں معاف کر دے تو میں انہیں کچھ نہیں کہوں گا: لارنس بھشنوئی کی جیل میں گفتگو
 اگر ہماری برادری انہیں معاف کر دے تو میں انہیں کچھ نہیں کہوں گا: لارنس بھشنوئی کی جیل میں گفتگو 

بھارتی گلوکار سدھو موسے والا  کے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار لارنس بشنوئی کا کہنا ہے کہ اس کی زندگی کا مقصد ہی سلمان خان کو قتل کرنا ہے۔

جیل میں گرفتار گینگسٹر لارنس بشنوئی کا کہنا تھا کہ میری زندگی کا واحد مقصد بھارتی سپر اسٹار سلمان خان کو قتل کرنا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لارنس بشنوئی نے سلمان پر زور دیا کہ وہ اس کے مذہبی گرو جمبیشور(جمبا جی) کے مندر جائے اور معافی مانگے، اگر ہماری برادری  معاف کر دے تو میں کچھ نہیں کہوں گا،  ورنہ  سکیورٹی ہٹتے ہی میں سلمان خان کو قتل کردوں گا۔

خیال رہے کہ لارنس بشنوئی بھارتی جیل میں سدھو موسے والا کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں گرفتار ہے، ملزم نے انکشاف کیا ہےکہ وہ گزشتہ 4 سے 5 سالوں سے سلمان خان کے قتل کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

لارنس بشنوئی کا کہنا ہے کہ اگر سلمان خان معافی مانگ لے تو میں اس کو قتل نہیں کروں گا، وہ بہت مغرور ہے، سدھو موسے والا بھی اس کی طرح تھا۔

لارنس بشنوئی کو سلمان خان سے کیا مسئلہ ہے؟

اطلاعات کے مطابق گزشتہ سال 10 جولائی کو لارنس بشنوئی نے دھمکی دی تھی کہ وہ اور اس کی برادری نایاب کالے ہرن کے شکار پر سلمان خان کو کبھی معاف نہیں کریں گے، وہ صرف ایک صورت میں سلمان خان کو معاف کرسکتا ہے اور وہ یہ کہ سلمان خان سر عام اپنے اس عمل پر معافی مانگیں۔

لارنس بشنوئی کے مطابق اس کی برادری کالے ہرن کو اپنے مذہبی گرو بھگوان جمبیشور (جمبا جی) کا اوتار سمجھتی ہے، لہٰذا عدالت سے اس کیس میں سزا یا بریت سلمان خان کیلئے حتمی فیصلہ نہیں ہوگی، اگر سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان جمبا جی مندر میں جاکر سر عام معافی مانگ لیں تو وہ اپنا ارادہ بدل سکتا ہے ورنہ بشنوئی برادری انہیں قتل کردےگی۔

مزید خبریں :