19 مارچ ، 2023
اسلام آباد: عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا اور املاک کو نقصان بھی پہنچایا گیا۔
جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کے معاملے میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے جن میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنما نصیر جنجوعہ بھی شامل ہیں جنہیں آج صبح شاہ اللہ دتہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔
نصیر جنجوعہ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جس میں انہیں پی ٹی آئی کارکنوں کو اشتعال انگیزی پر اکساتے دیکھا جا سکتا ہے۔
تاہم اب نصیر جنجوعہ کی ایک اور ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں انہیں گزشتہ روز جوڈیشل کمپلیکس میں کی جانے والی توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی پر ندامت کا اظہار کرتے اور معافی مانگتے دیکھا جا سکتا ہے۔
جیو نیوز کو موصول ویڈیو میں نصیر جنجوعہ کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ اسد عمر اور پی ٹی آئی قیادت نے حکم دیا تھا پولیس فورس کو آگے نہیں آنے دینا، ہم نے بہت پتھراؤ کیا اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا، گزشتہ روز عمران خان کی پیشی کے موقع پر توڑ پھوڑ اسد عمر کے حکم پر کی تھی جو ہمیں نہیں کرنی چاہیے تھی کیونکہ اس سے نقصان ہمارے اپنے ملک کا ہی ہوا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز توشہ خانہ کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کی عدالتی حاضری والی فائل گم ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں تاہم بعد میں فائل وکیل گوہر خان کے ہاتھ میں دیکھی گئی تھی۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے ان پر فرد جرم کی کارروائی بھی مؤخر کر دی ہے اور کیس کی سماعت 30 مارچ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔