20 مارچ ، 2023
کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں پارکو کی سپلائی لائن میں کلپ لگا کر تیل چوری کرنے والے گروہ کے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ملیر حسن سردار نیازی کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود میں 11 مارچ کو پارکو کی سپلائی پائپ لائن میں سوراخ کرکے تیل چوری کرنے کے کوشش کی گئی تھی جس سے پائپ لائن لیک ہوگئی تھی اور پریشر کی وجہ سے تیل کی بڑی مقدار بہہ گئی تھی اور اس کارروائی میں کروڑوں روپے مالیت کا آئل بہہ کر ضائع ہوگیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کا مقدمہ پارکو کی انتظامیہ کی مدعیت میں تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن مین درج کیا گیا، پولیس نے تکنیکی مہارت سے ملزمان کا سراغ لگایا اور ملیر ندی کے قریب کارروائی کرکے 5 ملزمان ظفر ولد احمد خان، حبیب بلوچ ولد صالح محمد، سبحان جٹ ولد ذوالفقارجٹ، سید خان ولد عبدلرزاق اور یوسف خان ولد بہادر خان کو گرفتار کرلیا جبکہ ان کے تین ساتھی جاوید، ملک حارث اور محبوب فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے تیل چوری کرنے کیلئے بنائے گئے خفیہ ٹینک والا ایک ڈمپر، لوڈنگ سوزوکی، 4 نائن ایم ایم پستول، 12 موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوا۔
ترجمان کے مطابق ایس ایس پی ملیر نے ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن اور ان کی ٹیم کو نقد رقم اور تعریفی اسناد دینے کی سفارش کی ہے۔