Time 21 مارچ ، 2023
دنیا

گرفتاری کا خدشہ:کیا فرد جرم عائد ہونے کے بعد ٹرمپ صدارتی انتخابات لڑ سکیں گے؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں 2016 میں فحش فلموں کی اداکارہ  اسٹورمی ڈینیئلز کو  ایک لاکھ ڈالر کی رقم ادائیگی کی تحقیقات کے نتیجے میں منگل کو گرفتار کیا جائے گا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی صدر ٹرمپ پر 2016 کی انتخابی مہم میں امریکی اداکارہ اسٹار اسٹورمی کو رقم دینے کے کیس میں پیر کی رات یا بدھ کو فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے۔

ڈونلڈ  ٹرمپ نے گرفتاری کی صورت میں حامیوں کو احتجاج کی کال بھی دی ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نیویارک عدالت کی گرینڈ جیوری کی جانب سے سابق صدر ٹرمپ پر پیر یا بدھ کو فرد جرم عائد کی جاسکتی ہے، مین ہیٹن کی عدالت کے اطراف سکیورٹی بڑھائی جا رہی ہے۔

نیویارک میئرایرک ایڈمز کا کہنا ہے کہ ہم سوشل میڈیا پر تبصروں کی نگرانی کر رہے ہیں، محکمہ پولیس اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنا معمول کا کردار ادا کر رہا ہے کہ شہر میں کوئی نامناسب کارروائی نہ ہو، ہمیں یقین ہے کہ ہم ایسا کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔

فرد جرم عائد ہونے کی صورت میں ٹرمپ کا کیس کسی بھی موجودہ یا سابق امریکی صدر پر مجرمانہ الزام لگنے کا امریکی تاریخ کا یہ پہلا کیس ہوگا۔

ٹرمپ کے وکلا کے مطابق اگر سابق امریکی صدر  پر فرد جرم عائد کی جاتی ہے تو ان کی گرفتاری کے لیے چند طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا۔

فرد جرم عائد ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ فلوریڈا میں واقع  اپنے گھر سے نیویارک سٹی کورٹ ہاؤس میں پیشی کے لیے روانہ ہوں گے۔

اس کے بعد ممکنہ طور پر ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر اور  ٹرمپ کی ٹیم کے درمیان بات چیت ہوگی،ایک بار جب مقدمہ درج اورجج کا انتخاب ہوجائے گا  تو دیگر تفصیلات  جیسے کہ مقدمے کا وقت اور ممکنہ سفری پابندیاں اور ضمانت کے طریقے سامنے آ جائیں گی۔

علاوہ ازیں فرد جرم کے بعد ٹرمپ پر جرمانہ ہوسکتا ہے جبکہ اگر ٹرمپ کو سزا سنائی گئی تو انہیں زیادہ سے زیادہ 4 سال قید کا سامنا کرنا پڑے گا، حالانکہ کچھ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ جرمانے کا زیادہ امکان ہے۔

فرد جرم یا گرفتاری کے بعد کیا ٹرمپ  صدارتی انتخاب لڑسکیں گے؟

 گزشتہ سال سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024 کے صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی بھی جمع کراد یے تھے۔

تاہم اب فرد جرم یا سزا بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی صدارتی مہم جاری رکھنے سے نہیں روک سکے گی، امریکی قانون ایسے کسی شخص کو  انتخابی مہم چلانے اور صدارتی انتخابات لڑنے سے نہیں روکتا جس پر فرد جرم عائد ہو یا پھر وہ جیل بھی جا چکا ہو۔

البتہ ٹرمپ کی گرفتاری سے یقینی طور پر ان کی صدارتی مہم کافی متاثر ہوگی۔

مزید خبریں :