Time 21 مارچ ، 2023
کھیل

فائنل میں شاہین نے ڈیوڈ ویسا کو پہلے جانے سے نہیں روکا تھا: ثمین رانا نے پوری کہانی بتادی

شاہین آفریدی کو بیٹنگ کا بہت زیادہ شوق ہے، اپنی پرفارمنس کے وہ ذمہ دار ہیں، ہمیں شاہین آفریدی پر سو فیصد یقین تھا کہ وہ بیٹنگ میں بھی کچھ کر سکتے ہیں اس لیے ان پر اعتماد کیا: ثمین رانا—فوٹو: جیو نیوز
شاہین آفریدی کو بیٹنگ کا بہت زیادہ شوق ہے، اپنی پرفارمنس کے وہ ذمہ دار ہیں، ہمیں شاہین آفریدی پر سو فیصد یقین تھا کہ وہ بیٹنگ میں بھی کچھ کر سکتے ہیں اس لیے ان پر اعتماد کیا: ثمین رانا—فوٹو: جیو نیوز

لاہور قلندرز کے منیجر اور سی او او  ثمین رانا کا کہنا ہے کہ کپتان شاہین آفریدی نے فائنل میں ڈیوڈ ویسا کو بیٹنگ کے لیے جانے سے نہیں روکا تھا، شاہین کے اوپر کے نمبرپر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ سب کا تھا۔

مسلسل دو برس پاکستان سپر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی ٹیم لاہور قلندرز کے منیجر ثمین رانا نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آل راؤنڈر بننے میں شاہین آفریدی کا اپنابڑا ہاتھ ہے، ٹیم مینجمنٹ کی حیثیت سے شاہین آفریدی کو سپورٹ کیا ، ہم نے بیٹنگ کے لیے شاہین کی محنت کو بیک کیا۔

انہوں نے کہا کہ  شاہین آفریدی جب خود اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کے لیے گئے تو بہت باتیں ہوئیں، کہا گیا کہ شاہین آفریدی کپتان بننے کا فائدہ اٹھا رہا ہے،  میں تو یہ سمجھتا ہوں کہ اس سے بڑھ کر کیا اچھی بات ہو گی کہ ایسا بولر جو نویں نمبر پر آنے والا ہو اس نے ففٹی کر رکھی ہو۔

ثمین رانا نے کہا کہ پشاور زلمی کے خلاف ہم میچ ہار گئے تھے لیکن اس میں شاہین آفریدی کا قصور نہیں تھا، ان پانچ بیٹرز کا تھا جنہوں نے کچھ نہیں کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی کو بیٹنگ کا بہت زیادہ شوق ہے، اپنی پرفارمنس کے وہ ذمہ دار ہیں، ہمیں شاہین آفریدی پر سو فیصد یقین تھا کہ وہ بیٹنگ میں بھی کچھ کر سکتے ہیں اس لیے ان پر اعتماد کیا۔

ثمین رانا کے مطابق  ڈیوڈ ویسا اور راشد خان نے شاہین آفریدی کے اوپر بیٹنگ کرنے کے فیصلے کو مثبت لیا، یہ تاثر درست نہیں کہ فائنل میں شاہین آفریدی نے ڈیوڈ ویسا کو بیٹنگ کے لیے جانے سے روکا ، شاہین آفریدی تیار ہو رہے تھے اس میں ٹائم لگ رہا تھا،  ٹائم آؤٹ کی وجہ سے ڈیوڈ ویسا نے کہا مجھے چلے جانا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیوڈ ویسا شاہین آفریدی کی طرف دیکھ رہے تھے کہ باہر آؤ، اور لوگوں نے کہنا شروع کر دیا کہ شاہین آفریدی نے ڈیوڈ ویسا کو روک دیا،سب کا یہی فیصلہ تھا کہ اس وقت شاہین آفریدی کو جانا چاہیے اور اسی طرح کھیلنا چاہیے۔

مزید خبریں :