کھیل
Time 21 مارچ ، 2023

عمر اور یوسف کیساتھ مل کر کام کریں گے کوئی کسی کو ڈکٹیٹ نہیں کرے گا: ہیڈکوچ

پاکستان ٹیم کا اچھا کامبی نیشن ہے، بڑے پلیئرز کو ہم مس کریں گے ان کی جگہ کھیلنے والے باصلاحیت ہیں: عبدالرحمان — فوٹو: پی سی بی
پاکستان ٹیم کا اچھا کامبی نیشن ہے، بڑے پلیئرز کو ہم مس کریں گے ان کی جگہ کھیلنے والے باصلاحیت ہیں: عبدالرحمان — فوٹو: پی سی بی

پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عبدالرحمان نے کہا ہے کہ میں 15 برس سے کوچنگ کر رہا ہوں، کوچنگ میری جاب ہے، عمر گل اور محمد یوسف بڑے نام ہیں ہم مل کر کام کریں گے کوئی کسی کو ڈکٹیٹ نہیں کرے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی کوچنگ خواب ہوتا ہے، میرے لیے عزت اور اعزاز کی بات ہے اور میرے لیے اچھا موقع ہے، فرق لانے کی کوشش کروں گا۔

 انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس باصلاحیت کھلاڑی ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کیلئے پرفارم کرنے کا بڑا اچھا موقع ہے، ڈومیسٹک اور پی ایس ایل میں ان کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم کیا ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم کا اچھا کامبی نیشن ہے، بڑے پلیئرز کو ہم مس کریں گے ان کی جگہ کھیلنے والے باصلاحیت ہیں، ہر شعبے میں شامل کھلاڑی فارم میں ہیں، تمام کھلاڑی ٹرمپ کارڈ ہیں، سب کو مل کر اچھا کھیلنا ہو گا تب ہی جیت سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی ٹیم اچھی ہے، ان کے خلاف ہمیشہ کلوز مقابلہ ہوتا ہے، افغانستان کی بیٹنگ سے زیادہ بولنگ مضبوط ہے، ہمارے بیٹرز کو پی ایس ایل کے دوران افغان بولروں کو کھیلنے کا موقع ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عباس آفریدی نے اچھا پرفارم کیا ہے، آئندہ بہت سیریز ہیں، وہ نظروں سے اوجھل نہیں ہیں، انہیں بھی موقع ملے گا۔

ہیڈ کوچ عبدالرحمان نے مزید کہا کہ میں عبوری کوچ ہوں، میرا کردار اس سیریز کیلئے ہے، انٹرنیشنل لیول کی الگ تقاضے ہوتے ہیں میں گراس روٹ سے آیا ہوں مجھ پر دباؤ نہیں ہے بلکہ میں بہت پرجوش ہوں، میں نے بڑے کوچز کے ساتھ کام کیا ان سے سیکھنے کی ہمیشہ کوشش کی ہے۔

ان کا کہنا تھا  کہ ملتان سلطانز میں اینڈی فلاور کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے، سلیکشن کمیٹی نے اپنا کام کیا جبکہ میری ذمہ داری عبوری طور پر ہے، میرا فوکس ٹیم کے کھیل پر ہے میرے پاس اس کا جواز نہیں ہے کہ مجھ سے مشاورت کی گئی ہے یا نہیں۔

مزید خبریں :