21 مارچ ، 2023
ملک میں رواں سال فروری میں 10 کروڑ 65 لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق فروری میں ہوئی ساری بیرونی سرمایہ کاری ملک کے نجی شعبے میں آئی، فروری کی براہ راست سرمایہ کاری دس کروڑ 9 لاکھ ڈالرز اور پورٹ فولیو سرمایہ کاری 56 لاکھ ڈالرز رہی جبکہ فروری میں بیرونی سرمایہ کاری کا سرکاری شعبے کا کھاتہ صفر رہا۔
اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی آٹھ مہینوں میں بیرونی سرمایہ کاری کا کھاتہ بیلنس ہونے کے بعد 23 کروڑ ڈالرز منفی ہے۔ آٹھ مہینوں میں سرکاری نے ایک ارب ایک کروڑ ڈالرز میعاد پوری ہوئے تمسک کی ادائیگی پر خرچ کیے۔ آٹھ مہینوں میں نجی سرمایہ کاری 77 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہی جو گئے مالی سال کے ابتدائی آٹھ مہینوں سے ساڑھے 22 فیصد کم ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق براہ راست سرمایہ کاری گئے سال کے مقابلے 40 فیصد کم ہوکر 78 کروڑ 44 لاکھ ڈالرز ہے۔ پاکستانی شیئرز بازار سے گئے برس کی طرح رواں سال آٹھ مہینوں میں بھی سرمایہ کاری کا اخراج رہا۔ رواں سال آٹھ مہینوں میں 84 لاکھ ڈالرز نکالے ہیں جو گئے سال کے مقابلے 97 فیصد کم خروج ہے۔