21 مارچ ، 2023
سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا۔
سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی تاہم آج مملکت میں چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
سعودی عرب میں 23 مارچ جمعرات کو یکم رمضان المبارک 1444 ہجری ہوگا۔ حرمین شریفین (مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ) میں کل بعد نماز عشاء تراویح ادا کی جائے گی۔
دوسری جانب سعودی شاہی دیوان نے بھی اعلامیہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں رمضان کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا مملکت میں یکم رمضان جمعرات 23 مارچ کوہوگی۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات، قطر اور فلسطین سمیت دیگر خلیجی ممالک میں بھی رمضان کا چاند نظر نہیں آیا اور ان ممالک میں بھی 23 مارچ کو یکم رمضان ہوگا۔
اس کے علاوہ آسٹریلیا میں بھی رمضان کا چاند نظر نہیں آیا اور آسٹریلین نیشنل امام کونسل نے جمعرات سے ماہ رمضان شروع ہونے کا اعلان کیا ہے۔
فلپائن اور بھارتی ریاست کیرالہ میں بھی جمعرات سے ماہ رمضان کا آغاز ہوگا۔