22 مارچ ، 2023
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مجھے آج یا کل سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے صاحبزادے مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کیا جا سکتا ہے۔
ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا میں تو سمجھا تھا کہ میرے خلاف 97 کیسز ہیں لیکن آج عدالت سے پتہ چلا میرے خلاف درج کیسز کی تعداد 143 ہے، میں نے تو اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔
ان کا کہنا تھا الیکشن میں شکست سے خوفزدہ ٹولے نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا ہے، ہفتےکو مینار پاکستان پر تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کریں گے، یہ جلسہ حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہو گا۔
عمران خان کا کہنا تھا عدالت میں پیش ہوا تو نامعلوم افراد نے سی ٹی ڈی کی وردیاں پہنی ہوئی تھیں، مجھے پولیس والوں سے معلومات ملیں کہ وہاں نامعلوم افراد موجود ہیں، آئی جی پولیس اہلکاروں پر برس پڑا کہ کیسے مجھے نکلنے دیا، ہو سکتا ہے کہ یہ آج شام کو آپریشن کریں، یہ آج وزیرآباد واقعے کے شواہد ختم کر رہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا ان کا اب ایک اور پلان بنا ہے، آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد اور ان کے ہینڈلرز نے پلان بنایا ہے ، ان کا پلان ہے کہ زمان پارک کے اندر آج یا کل آپریشن کریں، انھوں نے دو اسکواڈ بنائے ہیں، یہ ہمارے لوگوں میں اندر آکر پولیس والوں کو ماریں گے، ان کا پلان ہے یہ ماڈل ٹاؤن کی طرح لوگوں کو قتل کریں گے۔
عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا کہ انہیں بھی مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ مرتضیٰ بھٹو کو 20 ستمبر 1996 کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا پنجاب پولیس کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کے پانچ لوگ یہ قتل کریں گے، یہ جو مرضی کریں ہم نے تصادم میں نہیں جانا، یہ جتنا اشتعال دلائیں کارکنوں نے کوئی ردعمل نہیں دینا، یہ اگر آئیں تو کارکنوں نے تصادم میں نہیں پڑنا ان کو مجھ تک آنے دیں۔
انہوں نے مزید کہا ہم پر جو یہ ظلم ہو رہا ہے اس کامقصد انسانوں کو جانوروں کی طرح رکھنا ہے، جو اس ظلم کے خلاف جھکتا ہے غلام بن جاتا ہے، جان تو میری خطرے میں ہے میں تو ان کے خلاف کھڑا ہوں، جس طرح کے جرائم پیشہ اوپر بیٹھ گئے یہ ہمیں غلام بنانا چاہتے ہیں، یہ جرائم پیشہ ملک پر مسلط رہے تو آپ کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔