کھیل
Time 23 مارچ ، 2023

قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے ٹیم کے ہمراہ جانے سے معذرت کیوں کی؟

پی سی بی نے ہیڈ کوچ کیلئے محمد یوسف کے نام کا اعلان کیا تھا تاہم اگلے دن عبدالرحمان کو ہیڈ کوچ بنادیا— فوٹو: فائل
پی سی بی نے ہیڈ کوچ کیلئے محمد یوسف کے نام کا اعلان کیا تھا تاہم اگلے دن عبدالرحمان کو ہیڈ کوچ بنادیا— فوٹو: فائل

افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستانی ٹیم بیٹنگ کوچ کی خدمات سے محروم ہوگی، نجی وجوہات کی بنیاد پر محمد یوسف نے ٹیم کے ہمراہ متحدہ عرب امارات جانے سے معذرت کرلی۔

ذرائع کے مطابق محمد یوسف کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ کی طبیعت ناساز ہے، سب سے دعاؤں کی درخواست ہے۔

محمد یوسف کی عدم موجودگی میں ہیڈ کوچ عبدالرحمان ہی بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔

قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہیڈ کوچ کیلئے محمد یوسف کے نام کا اعلان کیا تھا تاہم اگلے دن عبدالرحمان کو ہیڈ کوچ بنادیا اور محمد یوسف کو بیٹنگ کوچ برقرار رکھا۔

ذرائع کے مطابق عبدالرحمان پاکستان اور افغانستان سیریز کے بعد پاکستان اے ٹیم کے ہیڈ کوچ بن جائیں گے، صبیح اظہر کو بنگلہ دیش کے دورے کیلئے پاکستان اے ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا جا رہا ہے جبکہ سابق ٹیسٹ آف اسپنر توصیف احمد کو پاکستان انڈر 19 ٹیم کا منیجر بنایا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی متحدہ عرب امارات میں بات چیت چل رہی ہے انہیں اماراتی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کی تجویز ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 24 مارچ کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور تیسرا میچ 26 اور 27 مارچ کو شارجہ میں ہی شیڈول ہے۔

مزید خبریں :