کھیل
Time 25 مارچ ، 2023

افغانستان کیخلاف بیٹنگ لائن ناکام ہونے پر کرکٹ شائقین کو بابر اور رضوان کی یاد ستانے لگی

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

افغانستان کی جانب سے  پہلی مرتبہ انٹرنیشنل میچ میں شکست کے  بعد پاکستانی کرکٹ شائقین کو بابر اعظم اور محمد رضوان کی یاد ستانے لگی۔

جمعہ کو  کھیلے گئے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اس سیریز میں پاکستان ٹیم کے سینیئر پلیئرز بشمول کپتان بابر اعظم ، محمد رضوان کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔

لیکن بدقسمتی سے سینیئرز پلیئرز کی غیر موجودگی میں نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ افغانستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

قومی ٹیم کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب نے محمد حارث کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تاہم 17 کے مجموعی اسکور پر حارث 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد عبداللہ شفیق بھی بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ صائم ایوب 17 رنز بنا کر نوین الحق کا شکار بنے جبکہ طیب طاہر 16 رنز پر راشد خان کو کیچ دے بیٹھے۔

جارح مزاج اعظم خان بھی بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہوئے اور یوں 41 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، اس کے بعد کپتان شاداب خان 12، فہیم اشرف اور نسیم شاہ 2، 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عماد وسیم 18 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔

قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بناسکی۔

افغانستان کے خلاف بیٹنگ لائن ناکام ہونے پر سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ  بابر اعظم اور محمد رضوان کو یاد کرنے لگے۔

ایک صارف نے  ٹوئٹر پر رضوان اور بابر کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ' پاکستان ٹیم بابر اور رضوان کے بغیر نامکمل ہے'۔

ایک اور صارف نے کہا کہ 'اب تمیں بابر اور رضوان کی قدر ہوگی'۔

اس کے علاوہ شارجہ کے میدان میں ایک مداح پوسٹر بناکر آیا جس پر اس نے لکھا کہ مِس یو رضوان'۔

واضح رہے کہ پاکستان کا 93 رنز کا ہدف افغان ٹیم نے 18 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور یوں پہلی بار کسی انٹرنیشنل میچ میں گرین شرٹس کو شکست دی۔

مزید خبریں :