Time 25 مارچ ، 2023
پاکستان

جس نے آنا ہے زمان پارک میں آ کر مجھے مار دے ، میں یہاں سے نہیں جانے لگا، عمران خان

فوٹو:عمران خان انسٹاگرام اسکرین گریہب
فوٹو:عمران خان انسٹاگرام اسکرین گریہب

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کون گارنٹی کرے گا کہ 8 اکتوبر کو الیکشن ہوگا؟خوف پھیلایا جارہا ہے تاکہ لوگ ڈر کر گھروں میں بیٹھ جائیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں 30 اپریل کو شیڈول انتخابات ملتوی کرتے ہوئے 8 اکتوبر کی تاریخ دے دی ہے جبکہ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے بھی چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر کہا ہے کہ صوبے کے انتخابات  8 اکتوبر کو کرائے جائیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تاہم اس حوالے سے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے  عمران خان کا کہنا تھا کہ  کون گارنٹی کرے گا کہ 8 اکتوبر کو الیکشن ہوگا؟خوف پھیلایا جارہا ہے تاکہ لوگ ڈر کر گھروں میں بیٹھ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک ہمارے ایک ہزار کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے، حسان نیازی باہر سے پڑھ کر آیا، ضمانت کے باوجود اس کو اٹھایا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے ملازمین پر تشدد کیا گیا، پولیس والے میرے گھر سے چیزیں لوٹ کر لے گئے۔

ایک بار پھر اپنے قتل کا الزام دہراتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس میں مجھے مارنے کا پلان بنا تھا، مجھے پولیس افسران نے بتایا کہ کیا پلان بنا ہوا ہے ، مجھے کہا گیا کہ آزاد کشمیر،گلگت بلتستان میں آپ کی حکومت ہے وہاں چلے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ جس نے آنا ہے زمان پارک میں آ کر مجھے مار دے میں یہاں سے نہیں جانے لگا،اس کے علاوہ عمران خان نے جے آئی ٹی چیف جسٹس کی نگرانی میں بنا نے کا مطالبہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے اسلام آباد کے5 مقدمات میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

مزید خبریں :