25 مارچ ، 2023
تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر، میاں محمود الرشید، سابق اسپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی، سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی جانب سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آئینی مینڈیٹ اور عدالت کے فیصلے سے انحراف کیا، الیکشن کمیشن کو شیڈول کے مطابق 30 اپریل کو ہی الیکشن کرانے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ الیکشن کمیشن اور تمام فریقین کو انتخابات کے انتظامات کو یقینی بنانے کا حکم جاری کرے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کو شیڈول انتخابات ملتوی کرتے ہوئے 8 اکتوبر کی تاریخ دی تھی جس کے بعد گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر صوبے میں 8 اکتوبر کو انتخابات کرانے کا کہا تھا جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔