پرواز میں تصادم سے 10 افراد زخمی، عملے کے رکن کی ٹانگ بھی ٹوٹ گئی

فوٹو  سوشل میڈیا
فوٹو  سوشل میڈیا

افریقی ملک انگولا سے پرتگال کی پرواز میں عملے کے ارکان اور مسافروں کے مابین تصادم کے نتیجے میں 2 فضائی میزبانوں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے عملے کے ایک رکن کی ٹانگ بھی ٹوٹ گئی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق افریقی ملک انگولا کی سرکاری فضائی کمپنی تاج انگولا ائیر لائن کی پرواز ڈی ٹی 652 گزشتہ روز پرتگال کے دارالحکومت لزبن کیلئے 53 منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئی۔ 

ائیربس اے 330 طیارہ معمول کے سفر پر تھا اور فضائی میزبان مسافروں کی خدمت سرانجام دے رہے تھے کہ عملے کے ایک رکن اور مسافر کے مابین کسی بات پر جھگڑا ہوا۔

فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

ہاتھا پائی کے بعد مسافروں اور عملے کے مابین مارپیٹ شروع ہوئی جو کافی دیر تک جاری رہی، جس کے ہاتھ جو کچھ آیا اس سے ایک دوسرے پر خوب طبع آزمائی کی گئی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ہوائی جہاز کسی جنگ کا منظر پیش کر  رہا تھا، تصادم تھم جانے کے بعد طیارے کے اندر کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس سے ہوائی جہاز کے فرش، چھت اور نشستوں پر عملے اور مسافروں کی لڑائی کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ 

طیارے میں مسافروں کا سامان اور کھانے پینے کی اشیا جا بجا پھیلی نظر آ رہی ہیں، تصادم تھم جانے کے بعد بھی بچوں کے رونے کی آوازیں ویڈیو میں سنائی دے رہی ہیں۔

لگ بھگ 7 گھنٹے 19 منٹ کی پرواز کے بعد طیارے نے لزبن انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا تو ایمبولینسز اور ڈاکٹروں کی ٹیمیں زخمیوں کا انتظار کر  رہی تھیں۔

فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

اس جھگڑے میں عملے کے دو ارکان کے زخمی ہونے کی ائیر لائن کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے اور بتایا گیا کہ عملے کے ایک رکن کی ٹانگ بھی ٹوٹ گئی ہے جبکہ مسافروں میں شامل 8 زخمیوں کو کیا چوٹیں آئیں یہ معلومات نہیں مل سکیں۔

مزید خبریں :