پاکستان

کراچی: سادہ لباس اہلکار کی فائرنگ سے نوجوان زخمی، پولیس زخمی حالت میں تھانے لے گئی

علاقہ مکینوں کے احتجاج پر پولیس نے تھانے کے اندر سے ہوائی فائرنگ کی اور بعد میں نوجوان کو رہا کردیا— فوٹو: اسکرین گریب
علاقہ مکینوں کے احتجاج پر پولیس نے تھانے کے اندر سے ہوائی فائرنگ کی اور بعد میں نوجوان کو رہا کردیا— فوٹو: اسکرین گریب

کراچی میں سادہ لباس پولیس اہل کار کی مبینہ فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا اور پولیس زخمی حالت میں تھانے لے گئی۔

کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر مبینہ سادہ لباس پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے عثمان نامی نوجوان زخمی ہوا جسے پولیس نے حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا۔

واقعے کے بعد زخمی نوجوان کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے تھانے کے باہر احتجاج کیا۔مظاہرین نے پتھراؤ کرکے تھانے کے باہر کھڑی پولیس موبائل کے شیشے توڑے اور سڑک پر ٹائر بھی نظرآتش کیے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ سادہ لباس اہلکاروں نے دودھ کی دکان پر کھڑے نوجوان پرفائرنگ کی۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے تھانے سے ہوائی فائرنگ بھی کی، پولیس نے ابتدائی طور پر زخمی نوجوان کو ڈاکو ظاہر کیا پھر مشتعل مظاہرین کے احتجاج کے باعث زخمی نوجوان رہا کیا جسے نجی اسپتال منتقل کیاگیا۔

پولیس نے زخمی نوجوان کے چاچا نور محمد کی جانب سے درخواست وصول کرکے واقعے کی مزید تفتیش کا آغاز کردیا۔ درخواست کے مطابق ایس ایچ او رضوان رضی تنولی نے فائرنگ کرکے زخمی کیا لہٰذا ایس ایچ او کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔

دوسری جانب ایس ایس پی ایسٹ نے واقعے کی انکوائری ٹیم ڈی ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض کی سربراہی میں تشکیل دے دی۔

مزید خبریں :