26 مارچ ، 2023
جنوبی افریقا نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شسکت دے دی اور اس کے ساتھ ہی کئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔
جنوبی افریقا نے 259 رنز کا ہدف حاصل کرکے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کا نیا ورلڈ ریکارڈ بنادیا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف جنوبی افریقا نے سب سے بڑا کامیاب تعاقب مکمل کرلیا۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف 244 رنز کے کا ہدف کامیابی سے عبور کیا تھا۔
سنچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں دونوں ٹیموں کا سب سے بڑا مجموعی ٹوٹل بھی بن گیا اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پہلی مرتبہ مجموعی طور پر 500 سے زائد رنز بنے، دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 517 رنز بنے۔
جنوبی افریقا کا 259 کے ہدف کا حصول ہر طرح کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا کامیاب ترین ہدف کا تعاقب ہے جس میں فرنچائز کرکٹ، ڈومیسٹک کرکٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ سب ہی کچھ شامل ہے۔
اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بن گیا۔
میچ میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 35 چھکے لگائے، اس سے قبل 2022 میں بلغاریہ اور سربیا کے میچ میں 33 چھکے لگے تھے۔
ویسٹ انڈیز نے اپنی اننگز میں 22 چھکے لگاکر ایک اننگ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی برابر کیا، ویسٹ انڈیز نے افغانستان کے خلاف 22 چھکوں کا ریکارڈ برابر کیا۔
میچ میں مجموعی طور پر ریکارڈ 394 رنز چوکوں اور چھکوں کی مدد سے اسکور ہوئے، اس سے قبل ایک میچ میں باونڈریز سے سب سے زیادہ رنز 344 بنے تھے۔