کھیل
Time 27 مارچ ، 2023

نوجوان پلیئرز پر تنقید نہ کریں، یہی مستقبل میں اچھا پر فارم کریں گے، شاداب خان

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

افغانستان کے خلاف مسلسل دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان کا بیان سامنے آگیا۔

افغانستان نے اتوار کو 3 میچز پر مشتمل سیریز کے کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130 بنائے، جواب میں افغان ٹیم نے 20 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

افغانستان نے پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ انٹرنیشنل سیریز میں فتح حاصل کی ہے۔

مسلسل دو میچز میں افغانستان سے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان  نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  نوجوانوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں تو تھوڑا صبر کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رضوان اور بابر اعظم پر سست رفتاری سے کھیلنے پر تنقید ہوتی رہی ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو بیک کرنے کی ضرورت ہے، سب کہتے تھے کہ نو جوان لڑکوں کو چانس دینا چاہیے ،  وہ غلطیاں بھی کریں گے، وہ آتے ہی بابر اعظم کی طرح تو نہیں کھیلنا شروع کر دیں گے ، پلیئرز بننے میں ٹائم لگتا ہے۔

شاداب کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، تھوڑا صبر کرنا ہوگا، نوجوان کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ نہ بنائیں، یہ مستقبل میں اچھا پرفارم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سیریز کا مقصد یہ تھا کہ ہم اپنی بینچ اسٹرینتھ چیک کریں ، مجھے یقین ہے کہ یہ نوجوان کھلاڑی پاکستان کے لیے مستقبل میں اچھی پرفارمنس دیں گے۔

واضح رہے کہ سیریز کا آخری میچ آج شارجہ اسٹیڈیم میں کھیلا جائےگا۔

مزید خبریں :