Geo News
Geo News

Time 28 مارچ ، 2023
دنیا

میانمار کی فوجی حکومت نے آنگ سان سوچی کی سیاسی جماعت تحلیل کردی

جنوری میں میانمار کی فوجی جنتا حکومت نے نئے انتخابات سے قبل تمام سیاسی جماعتوں کو دو ماہ کے اندر نئے الیکشن قوانین کے تحت دوبارہ رجسٹریشن کروانے کا حکم نامہ جاری کیا تھا— فوٹو: فائل
جنوری میں میانمار کی فوجی جنتا حکومت نے نئے انتخابات سے قبل تمام سیاسی جماعتوں کو دو ماہ کے اندر نئے الیکشن قوانین کے تحت دوبارہ رجسٹریشن کروانے کا حکم نامہ جاری کیا تھا— فوٹو: فائل

میانمار میں فوجی جنتا حکومت نے سابق وزیر اعظم آنگ سان سوچی کی جماعت نیشنل لیگ ڈیموکریسی پارٹی کو تحلیل کر دیا۔

میانمار کے سرکاری میڈیا کے مطابق نیشنل لیگ ڈیموکریسی کو فوجی جنتا کے الیکشن سے متعلق بنائے گئے نئے قوانین کے تحت دوبارہ رجسٹریشن کروانے میں ناکامی کی بعد تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

آنگ سان سوچی کی پارٹی 2015 اور 2020 میں فوج نواز سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں بھاری کامیابی حاصل کر چکی تھی، تاہم اب نئے قوانین کے تحت نیشنل لیگ ڈیموکریسی پارٹی ایک سیاسی پارٹی نہیں رہے گی۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں میانمار کی فوجی جنتا حکومت نے آنے والے  انتخابات کیلئے  تمام سیاسی جماعتوں کو دو ماہ کے اندر نئے الیکشن قوانین کے تحت دوبارہ رجسٹریشن کروانے کا حکم جاری کیا تھا۔

دوسری جانب فوجی حکومت کے مخالفین نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ فوجی جنتا کے تحت ہونے والے انتخابات آزاد اور شفاف نہیں ہو سکتے تاہم اگست تک نئے انتخابات کے وعدے کے باوجود گزشتہ مہینے فوجی جنتا نے ملک میں دو سال سے نافذ ایمرجنسی کی مدت میں 6 ماہ کیلئے مزید اضافے کا اعلان کر دیا تھا۔

میانمار میں آنگ سان سوچی کی حکومت کا تختہ الٹ کر ملک میں فوجی مارشل لاء  نافذ کرنے کے بعد اب تک 31 سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ  20 ہزار سے زائد افراد کو ایمرجنسی اور فوجی جنتا حکومت کی مخالفت  پر گرفتار کیا جا چکا ہے۔