29 مارچ ، 2023
خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دور حکومت میں بھرتی ہونے والے 5 ہزار سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو نکالنے کا فیصلہ کرلیا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال نے کہا کہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہورہے ہیں جس پر انہیں ہٹایا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنے نام اور تشہیر کیلئے صوبے کو مقروض بنایا، الیکشن کروانا ہماری ذمہ داری ہے، تاریخ دینا صدر اور گورنر کا کام ہے، روزمرہ معاملات میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی ہمارے ساتھ مکمل تعاون نہیں کر رہی ہے تاہم اسی بیوروکریسی سے شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ختونخوا کے نگران وزیراطلاعات بیرسٹر فیروزجمال شاہ نے پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی جانب سے 5 ہزارسوشل میڈیا انفلوئنسرز بھرتی کیے جانے کا انکشاف کیا تھا۔