Time 30 مارچ ، 2023
پاکستان

دو صوبوں میں الیکشن التوا کا کیس: جسٹس امین کی کیس سننے سے معذرت، لارجر بینچ ٹوٹ گیا

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کے تناظر میں کیس سسنے سے معذرت کرتا ہوں: جسٹس امین الدین خان/ فائل فوٹو
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کے تناظر میں کیس سسنے سے معذرت کرتا ہوں: جسٹس امین الدین خان/ فائل فوٹو

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ میں شامل جسٹس امین الدین نے دو صوبوں میں انتخابات ملتوی کرنے کا کیس سننے سے معذرت کرلی جس کے بعد عدالت کا لارجر بینچ ٹوٹ گیا۔

سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجر بینچ جب سماعت کے لیے آیا تو چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جسٹس امین الدین خان کچھ کہنا چاہتے ہیں۔

اس موقع  پر جسٹس امین الدین نے کیس سننے سے معذرت کرلی، جسٹس امین نے گزشتہ روز کے فیصلے کے تناظر میں سننے سے معذرت کی۔

جسٹس امین نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کے تناظر میں کیس سسنے سے معذرت کرتا ہوں۔

جسٹس امین الدین کے بات کرنے کے بعد بینچ کورٹ روم سے چلا گیا۔

جسٹس امین کی جانب سے معذرت کرنے کے بعد عدالت کا لارجر بینچ تحلیل ہوگیا۔

بعد ازاں سپریم کورٹ کے عملے نے بتایا کہ کل جسٹس امین الدین کے بغیر بینچ کے سامنے کیس مقرر کیا جائے گا، کل صبح ساڑھے 11 بجے بینچ آئے گا۔

عدالتی عملے کے مطابق پنجاب کے پی انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف کیس کی سماعت آج ہونا تھی جو اب کل ہو گی۔

ازخود نوٹس کے تمام کیسز ملتوی کرنے کا حکم

گزشتہ روز سپریم کورٹ نے رولز بنائے جانے تک آرٹیکل 184 تھری (ازخود نوٹس) کے تمام کیسز ملتوی کرنے کا حکم دیا۔

سپریم کورٹ میں حافظ قرآن کو 20 اضافی نمبر دینے کے از خود نوٹس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بینچ نے فیصلہ جاری کیا۔

خصوصی بینچ میں جسٹس امین الدین اور جسٹس شاہد وحید شامل ہیں اور فیصلہ دو ایک کے تناسب سے جاری کیا گیا۔

مزید خبریں :