30 مارچ ، 2023
بھارتی نیوز چینل پر مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی بھارت کی پہلی ’’اینکر‘‘ متعارف کردی گئی۔
آرٹی فیشل انٹیلی جینس (اے آئی) ٹیکنا لوجی سے بنائی گئی اینکر ثنا نے انگریزی زبان میں موسم کی لائیو خبروں سے ناظرین کو آگاہ کیا۔
اے آئی اینکر ثنا متعدد زبانیں بولنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔
خیال رہے کہ مصنوعی ذہانت اس وقت دنیا بھر میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ اس کی خوبیاں تو اپنی جگہ البتہ اس کے ممکنہ خطرات سے بھی ٹیکنالوجی کے ماہرین نے خبردار کیا ہے۔
ماہرین اقتصادیات Goldman Sachs کے مطابق چیٹ جی پی ٹی سمیت مصنوعی ذہانت کی نئی لہر کے ذریعے دنیا بھر میں تقریباً 300 ملین کل وقتی ملازمتیں خودکار ہو سکتی ہیں۔
انسانیت کو ممکنہ خطرے کے خوف سے ٹوئٹر کے بانی ایلون مسک سمیت کئی اہم عالمی شخصیات طاقتور مصنوعی ذہانت پر کام کو معطل کرنا چاہتی ہیں۔
ایک کھلے خط میں اِن سب نے ممکنہ خطرات سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت تیار کرنے کی دوڑ کنٹرول سے باہر ہو گئی ہے۔
اس کھلے خط پر ایپل کے مشترکہ بانی اسٹیو ووزنیاک اور ڈیپ مائنڈ کے بعض محققین نے بھی دستخط کیے ہیں۔