Time 31 مارچ ، 2023
کھیل

وہ ٹیسٹ کرکٹر جسے بیوی کو قتل کرنے پر پھانسی دی گئی

فوٹو: لیسلی جارج ہیلٹن فائل
فوٹو: لیسلی جارج ہیلٹن فائل

آپ نے کئی کرکٹرز کو میچ فکسنگ، لڑکی سے مبینہ زیادتی یا لڑائی جھگڑے کے باعث جیل  جاتے تو سنا ہوگا لیکن کیا آپ ایسے ٹیسٹ کرکٹر کو جانتے ہیں جسے اپنی بیوی کو قتل کرنے پر پھانسی دی گئی؟

اگر آپ اس واقعہ سے لاعلم ہیں تو کوئی بات نہیں آج ہم آپ کے علم میں اضافہ کرتے ہیں۔

یہ کہانی جمیکا سے تعلق رکھنے والے سابق فاسٹ بولر لیسلی جارج ہیلٹن کی ہے جنہوں نے 1935 سے 1939 کے درمیان ویسٹ انڈیز کے لیے 6 ٹیسٹ میچز کھیلے۔  

29مارچ 1905 میں  پیدا ہونے والے ہیلٹن کو بچپن سے ہی کرکٹ کا کافی شوق تھا، تاہم نوجوانی میں کلب کرکٹ کھیلتے کھیلتے انہوں نے اپنی کارکردگی بہتر بنائی اور 1927 میں جمیکا کرکٹ ٹیم کے باقاعدہ رکن بن گئے۔

اگرچہ کئی مواقع پر ہیلٹن  ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے کے لیے مضبوط امیدوار تھے لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر انہیں نظر انداز کیا گیا۔

 لیکن انہوں نے محنت جاری رکھی اور آخر کار 1935 میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے والی انگلش ٹیم کے خلاف انہیں ویسٹ انڈین ٹیم میں منتخب کیا گیا۔

8 جنوری 1935 میں انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ویسٹ انڈیز کو فتح دلانے میں مدد کی۔ اس کے بعد انہیں 1939 میں دوبارہ انگلینڈ کے دورے کے لیے منتخب کیا گیا لیکن بعد ازاں  آؤٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے  انہیں ٹیم سے باہر کردیا گیا جس کے بعدہیلٹن نے فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔

1942 میں ہیلٹن نے ایک پولیس انسپکٹر کی بیٹی لور لائن روز سے شادی کی اور جوڑے کا 1947 میں ایک بیٹا پیدا ہوا۔

رپورٹس کے مطابق 1950 کی دہائی کی شروعات میں ہیلٹن کی بیوی فیشن ڈیزائنر بننے کے لیے نیویارک کے فیشن اسکول گئیں جہاں ان کی ملاقات  ایک نوجوان روئے فرانسس سے ہوئی اور بعدا زاں دونوں کا مبینہ افیئر شروع  ہوگیا۔ 

تاہم 1954 میں ہیلٹن کو  ایک مبینہ خط میں بیوی کے افیئر کا معلوم ہوا تو دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا تو غصے میں آکر ہیلٹن نے بیوی کو گولیاں مار کر قتل کر دیا اور پھر انہیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔ 

لیسلی کا مؤقف تھا کہ  بیوی نے پہلے اسے گولی مارنے کی کوشش کی لیکن  گولی غلط فائر ہوئی، اپنے آپ کو بچانے کے لیے سابق کرکٹر نے گولیاں ماریں۔

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

رپورٹس کے مطابق 1954 کے آخر میں جیوری نے  ہیلٹن کو  مجرم قرار دیا ، رحم کی درخواست کے باوجود  جج نے سابق ویسٹ انڈین کرکٹر کو  موت کی سزا سنائی، تاہم اپیلوں اور درخواستوں کے بعد ہیلٹن کو  17 مئی 1955  کو  پھانسی دی گئی۔

لیسلی جارج ہیلٹن دنیا کے واحد ایسے ٹیسٹ کرکٹر ہیں جنہیں پھانسی دی گئی۔

ہیلٹن نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے 6 ٹیسٹ میچز میں 16 وکٹیں حاصل کیں اور 70 رنز اسکور کیے جبکہ انہوں نے فرسٹ کلاس کیریئر  کے 40 میچز میں 120 وکٹیں لیں۔ 

مزید خبریں :