31 مارچ ، 2023
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے سوشل میڈیا فوکل پرسن اظہر مشوانی گھرپہنچ گئے۔
ایک ٹوئٹ میں اظہر مشوانی کا کہنا تھا کہ الحمداللہ میں بخیر و عافیت گھر واپس پہنچ چکا ہوں، دعا ہےکہ ہمارے دیگر اسیرکارکنان بھی جلد اپنے اہلخانہ کے ساتھ افطاری کریں۔
خیال رہےکہ 23 مارچ کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک ٹوئٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے سوشل میڈیا فوکل پرسن اظہر مشوانی کو آج دوپہر لاہور سے اغوا کیا گیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا تھا کہ اظہر مشوانی کو کہاں رکھا گیا پتا نہیں چل رہا ہے، پنجاب پولیس پی ٹی آئی کو نشانہ بنانے کے لیے تمام قوانین توڑ رہی ہے، پولیس افسران پی ٹی آئی کے خلاف تشدد اور اغوا میں ملوث ہیں۔
گزشتہ روز اظہر مشوانی کی بازیابی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائرکی گئی تھی۔
ہائی کورٹ میں درخواست اظہر مشوانی کے بھائی مظہرالحسن نے دائرکی تھی جس میں اظہر مشوانی کو بازیاب کروا کر عدالت پیش کرنےکا حکم دینے کی استدعا کی گئی تھی۔