31 مارچ ، 2023
لاہور: نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے پاکستان ویمن کرکٹ لیگ کے ساتھ جڑنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملالہ یوسفزئی نے پاکستان ویمن کرکٹ لیگ میں دلچپسی ظاہر کی ہے اور اس کا اظہار انہوں نے سابق چیئرمین رمیز راجہ کے بعد موجودہ بورڈ مینجمنٹ سے بھی کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملالہ یوسفزئی ویمن لیگ کی ایک ٹیم لینا چاہتی ہیں اور اس حوالے سے ملالہ یوسفزئی نے بورڈ سے ویمن لیگ کے تمام عمل کے حوالے سے معلومات لیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ملالہ یوسفزئی ویمن لیگ کی ٹیموں کے بڈنگ پراسیس میں شامل ہوں گی۔
گزشتہ برس لاہور آمد کے موقع پر ملالہ یوسفزئی نے ویمن کرکٹرز سے خصوصی طور پر ملاقات بھی کی تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ رواں برس اولین ویمن لیگ کرانے کا ارادہ رکھتا ہے، رواں برس پی ایس ایل کے موقع پر ویمن لیگ کے سلسلے کے تین نمائشی میچز بھی کرائے گئے تھے، نمائشی میچز میں 10 غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا تھا۔