01 اپریل ، 2023
بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے پنجاب کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو کو 10 ماہ بعد پٹیالا جیل سے رہائی مل جائے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو کے مصدقہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ان کی رہائی کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا جب کہ ان کے وکیل ایچ پی ایس ورما نے بھی اس پیشرفت کی تصدیق کی ہے۔
سدھو کے اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’ ہر کسی کو مطلع کیا جاتا ہے کہ کل سردار نوجوت سنگھ سدھو پٹیالا جیل سے رہا ہو جائیں گے‘۔
نوجوت سنگھ کے وکیل ایچ پی ایس ورما کا کہنا ہے کہ پنجاب جیل کے قوانین کے مطابق اچھے سلوک کے مجرم کو عام معافی کا حق ہے، اسی لیے انہیں ایک سال مکمل ہونے سے قبل آج رہا کیا جائیگا، اس کے علاوہ سدھو کو ایک ماہ میں چار چھٹیاں لینے کی اجازت تھی جو انہوں نے نہیں لی، اسی وجہ سے وہ چھٹیاں ان کی جیل کی مدت میں سے کاٹ لی گئیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ برس سدھو کو 34 برس پرانے روڈ ایکسیڈینٹ کے کیس میں ایک برس جیل کی سزا سنائی تھی اس حادثے میں ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔
تاہم گزشتہ ہفتے نوجوت سنگھ سدھو کی اہلیہ نوجوت کور کے کینسر میں مبتلا ہونے انکشاف ہوا تھا، سدھو کی اہلیہ میں دوسرے اسٹیج کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔