04 اپریل ، 2023
وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ صدر نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر دستخط نہ کیے تو بل پارلیمنٹ ہاؤس سے دوبارہ منظور کرا لیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نےکہا کہ 20 اپریل تک یہ ایکٹ قانون بن جائےگا۔
پنجاب اور کے پی الیکشن کیس سے متعلق انہوں نےکہا کہ چار تین کی اکثریت سے پچھلے بینچ کا فیصلہ مؤثر ہے،اس فیصلے کی موجودگی میں موجودہ بینچ نہیں چل سکتا، یہ تین جج اپنا ذہن بنا چکے ہیں، اب باقی 6 ججوں پر مشتمل لارجر بینچ بنا دیا جائے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ ایک ایسا ادارہ سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی دعوت دے رہا ہے جس کے اندر تقسیم پائی جاتی ہے، ہمارا خیال تھا کہ ہفتے یا اتوار کو یا پیر کی صبح کو چیف جسٹس فل کورٹ اجلاس بلائیں گے، مگر چیف جسٹس بضد ہیں کہ وہی تین جج بیٹھ کر فیصلہ کریں گے۔