06 اپریل ، 2023
آئی پی ایل میں انجری کے باعث نیوزی لینڈ کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 سے باہر ہونے کا امکان ہے۔
نیوزی لینڈ کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن انڈین پریمئیر لیگ میں گجرات ٹائٹنز کی جانب سے کھیلتے ہوئے فیلڈنگ کے دوران انجرڈ ہو گئے تھے۔
کین ولیمسن لیگ چھوڑ کر وطن واپس روانہ ہو گئے تھے جہاں ان کا مکمل چیک اپ ہوا، نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق کین ولیمسن کے دائیں گھٹنے کا آپریشن ہو گا، آپریشن کے بعد ان کے ری ہیب کے لیے اتنا وقت لگے گا کہ اس بات کا امکان نہیں ہے کہ کین ولیمسن بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 سے قبل مکمل فٹ ہو کر ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
کین ولیمسن کا کہنا ہے کہ انجری کے دوران اب تک ان کے ساتھ جو سب کی طرف سے تعاون کیا گیا ہے وہ اس کے مشکور ہیں، اس طرح کی انجری کا ہونا مایوس کن ہوتا ہے لیکن اب میرا فوکس ہے کہ میں سرجری کراؤں اور اپنا ری ہیب شروع کروں۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کچھ وقت لگے گا لیکن میں بھر پور کوشش کروں گا کہ فیلڈ میں واپس آؤں، اگرچہ ورلڈ کپ تک واپسی کا امکان نہیں ہے لیکن میری تمام تر سپورٹ کوچ اور کھلاڑیوں کے ساتھ ہو گی۔