07 اپریل ، 2023
کمزور بیٹری کسی اچھے لیپ ٹاپ کو بجلی کے بغیر استعمال کرنا ناممکن بنا دیتی ہے۔
یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ لیپ ٹاپ رکھنے والے افراد کے لیے یہ بہت عام مسئلہ ہوتا ہے اور اکثر اسے ڈیوائس کو بہت زیادہ چارج کرنے کا نتیجہ قرار دیا جاتا ہے۔
مگر کیا یہ خیال درست ہے کہ لیپ ٹاپ کو مسلسل چارجنگ پر لگائے رکھنے سے بیٹری کمزور ہو جاتی ہے؟
اگر آپ کو بھی ایسا لگتا ہے تو جان لیں کہ یہ خیال بالکل غلط ہے کہ لیپ ٹاپ بیٹری اوور چارج ہو کر بتدریج خراب ہو جاتی ہے۔
ونڈوز سینٹرل کی رپورٹ کے مطابق موجودہ عہد کے لیپ ٹاپس میں 2 اقسام کی بیٹریز استعمال کی جاتی ہیں، ایک لیتھیم پولیمر اور دوسری لیتھیم ion۔
دونوں اقسام کی بیٹریوں کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ 100 فیصد ہونے کے بعد چارجنگ کو روک دیتی ہیں۔
ایسا ہونے کے بعد سسٹم بیٹری کو پاور پہنچانے کی بجائے اسے براہ راست کمپیوٹر میں منتقل کرنے لگتا ہے۔
آسان الفاظ میں فل چارج لیپ ٹاپ کو کبھی کبھار پورے دن چارجنگ پر لگائے رکھنے سے بیٹری کا پاور یونٹ خراب نہیں ہوتا۔
مگر یہ بات بھی درست ہے کہ اس بات کو عادت بنالینے سے بیٹری کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
لیپ ٹاپ کی بیٹری کی چارجنگ 70 سے 80 فیصد رکھنا اس کی زندگی کو طویل کرتا ہے۔
اگر اسے مسلسل بہت کم ہونے یا بہت زیادہ ہونے پر چارج کیا جائے تو بیٹری کی زندگی جلد ختم ہو سکتی ہے۔
یقیناً یہ دیکھنا کافی مشکل ہوتا ہے کہ بیٹری کتنے فیصد چارج ہو گئی ہے تو مخصوص نمبروں کی بجائے ایک بار بیٹری کو مکمل 100 چارج کریں۔
پھر اس وقت تک بیٹری چارج نہ کریں جب تک بیٹری پاور 50 فیصد تک نہ پہنچ جائے۔
بیٹری لائف بہتر کرنا چاہتے ہیں تو کوشش کریں کہ لیپ ٹاپ ضرورت سے زیادہ پاور خرچ نہ کرے، تو ایسی ایپس بند کردیں جو بیک گراؤنڈ میں چل رہی ہوں اور ڈیوائس کی بیٹری سیٹنگز کو ایڈجسٹ کریں۔
حرارت سے بھی بیٹری لائف متاثر ہوتی ہے اور بہت زیادہ گرم ہونے سے بیٹری کو نقصان پہنچتا ہے۔
تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ لیپ ٹاپ کے نیچے والے حصے میں ہوا کی نکاسی درست طریقے سے ہو سکے۔